جسٹس کھوسہ کے خلاف کوئی ریفرنس تیار ہی نہیں ہوا ،اسمبلی سیکریٹریٹ

 
0
421

اگست 19(ٹی این ایس)اسمبلی ذرائع اور اٹارنی جنرل آفس نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جسٹس آصف سعید کھوسہ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی خبروں سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کے خلاف کوئی ریفرنس تیار ہی نہیں ہوا۔

اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ریفرنس تیارکرکے محکمہ قانون کو بھیجا جاتا ہے،محکمہ قانون کواسمبلی سیکرٹیریٹ سے کوئی مسودہ نہیں بھیجا گیا۔

دوسری جانب لیگی رہنما طلال چودھری بھی کہتے ہیں ان کی معلومات کے مطابق ریفرنس دائر نہیں ہوا۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے سپریم کورٹ کے جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی خبر سامنے آئی تھی جس کے مطابق ایاز صادق نے ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ریفرنس آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت دائر کیا جو جسٹس آصف سعید کھوسہ کے ریمارکس کے خلاف دائر کیا گیا جس میں انہوں نے ایاز صادق کو نوازشریف کا وفادار قرار دیا تھا۔

سردار ایاز صادق کی جانب سے دائر ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ عدالتی بینچ میں موجود جج میں سے جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے اور اسپیکر قومی اسمبلی کو نوازشریف کا وفادار قرار دیا جو حقائق کے منافی ہے جب کہ اسپیکر کے خلاف ریمارکس سے معزز جج کے ذاتی عناد یا جانبداری جھلکتی ہے۔

ریفرنس میں مزید کہا گیا ہےکہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے فیصلے میں لکھا کہ اسپیکر معاملے کی تحقیقات میں ناکام رہے، فیصلے میں لکھا گیا کہ اسپیکر نے معاملہ الیکشن کمیشن کو نہیں بھیجا یہ ناکامی ہے۔

ریفرنس میں کہا گیا ہےکہ اسپیکر قومی اسمبلی کو ایوان نے منتخب کیا یہ فیصلہ ایوان کے 342 اراکین اور اسپیکر کے استحقاق کو مجروح کرتا ہے۔