ملک بھر میں پیٹرول کی قلت کا خدشہ

 
0
406

اسلام آباد اگست 19(ٹی این ایس) پیٹرولیم مصنوعات کے صارفین کیلئے بری خبر ہے۔ ٹینکرز مالکان اور وزارت پٹرولیم میں ایک بار پھر ٹھن گئی۔ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن  نے اکیس اگست کو ہڑتال کا اعلان کردیا۔ذرائع وزارت پٹرولیم کا مؤقف ہے کہ  ٹینکرز کو معیار کے مطابق بنانے کیلئے واضح ہدایات جاری کی ہیں جبکہ ٹینکرز مالکان نے پانچ سال مانگے جو درست نہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کواسلام آباد میں آل پاکستان آئل ٹینکر اونر ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین یوسف شاہوانی اور مرکزی سینئر وائس چیئرمین میر شمس شاہوانی کی سربراہی میں چیئرپرسن اوگرا اور چیئرمین این ایچ اے کے ساتھ میٹنگ ہوئی جس میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے)نے کہا کہ آپ کے جائز مطالبات کی ہم سفارشات آگے ارسال کردیں گے جس پر چیئرمین میر محمد یوسف شاہوانی نے کہا کہ پرانے ماڈل کی گاڑیوں کے لیے ہمیں پانچ سال تک وقت دیا جائے ہماری ہزاروں گاڑیاں ہیں، ہم اتنی جلدی جلدی اتنے بڑے پیمانے پر نئے قوانین کی پاسداری نہیں کر سکتے۔

چیئرپرسن اوگرا نے کہا کہ ہم اتنا وقت نہیں دے سکتے اس کے لیے سفارشات آگے ارسال کی جائیں گی جس پر چیئرمین یوسف شاہوانی نے کہا کہ ہمارے مطالبات جائز ہیں اور میٹنگ سے اٹھ کر چلے گئے۔سیکرٹریٹ کے باہر مرکزی چیئرمین میر محمد یوسف شاہوانی اور مرکزی سنیئر وائس چیئرمین میر شمس شاہوانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کو 20 اگست تک وقت دیتے ہیں کہ اپنے اداروں کا قبلہ درست کریں اگر 20 اگست تک ہمارے جائز مطالبات نہ مانے گئے تو 21 اگست سے پورے پاکستان میں مکمل ہڑتال کریں گے