اسلام آباد(ٹی این ایس) وزیراعظم کا رمضان المبارک میں ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کا حکم

 
0
42

وزیراعظم شہبازشریف نے رمضان میں غریبوں کیلئے7 اعشاریہ5ارب روپے کا تاریخی رمضان ریلیف پیکج دینے کافیصلہ کر لیاہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت رمضان المبارک میں وزیرِ اعظم رمضان ریلیف پیکیج اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ، رومینہ خورشید عالم اور متعلقہ اعلی حکام شریک ہوئے ۔

وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ رمضان میں3کروڑ96لاکھ سے زائد خاندانوں کو اشیائے خوردونوش سستے داموں دی جارہی ہیں ، 88فیصد خاندانوں کو آٹا، چاول، دالیں،گھی، خوردنی تیل پررعایت دی جا رہی ہے، چینی، دودھ سمیت19اشیائے خوردونوش بازارسے رعایت پرفراہم کی جارہی ہیں، آٹے کے 20کلو گرام تھیلے پر77روپے اور گھی پر70روپیفی کلوسبسڈی دی جارہی ہے،وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج 4 ہزار 775 یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے تقسیم کیا جا رہا ہے، وزیرِاعظم رمضان ریلیف پیکج کی تقسیم شروع کردی گئی جوچاندرات تک جاری رہے گی۔ وزیراعظم نے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان میں اشیائے خوردونوش کی کم قیمت پرفراہمی اولین ترجیح ہے، رمضان ریلیف پیکج میں فراہم اشیاکے معیارپرکوئی سمجھوتاقبول نہیں ہوگا اور پیکج مین تقسیم کی جانے والی اشیا کی کڑی نگرانی کی جائے گی اس لیے یقینی بنای جائے کہ رمضان پیکج کیلئے آنے والوں کو کسی قسم کمی پریشانہ نہ اٹھانی پڑے۔شہبازشریف کا کہناتھا کہ سستے آٹے کی تقسیم کیلئے پوائنٹس میں اضافہ،موبائل یونٹس کاقیام عمل میں لایاجائے،رمضان میں قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے،رمضان کے دوران ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کاروائی یقینی بنائی جائے۔

ان کا کہناتھا کہ رمضان ریلیف پیکیج کے حوالے سے غریب و متوسط طبقے کے لوگوں تک اسکی مکمل رہنمائی پہنچائی جائے تاکہ انہیں پیکیج کے تحت اشیا کے بروقت حصول میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے، پیکیج کے حصول کیلئے آئے افراد کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے نظام کو مزید مربوط و مثر بنایا جائے، رمضان ریلیف پیکیج کے حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت و سست روی برداشت نہیں کی جائے گی،حکومت رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مہنگائی سے پریشان غریب و متوسط طبقے کے لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔وزیرِ اعظم نے اجلاس کے دوران رمضان میں ہی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 10 ہزار 500 روپے کی سہ ماہی قسط مستحق افراد میں تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کی جبکہ شہبازشریف نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بلوچستان کے تحت مستحق افراد میں اضافی 2 ہزار روپے فی خاندان تقسیم کرنے کی بھی ہدایت کی ۔