بلوچستان کے 4 اضلاع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع

 
0
459

کوئٹہ اگست21(ٹی این ایس) : بلوچستان کے 4 اضلاع کوئٹہ، پشین ،قلعہ عبداللہ اورمستونگ میں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی جس کے دوران ان اضلاع کے 8لاکھ کے قریب بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں جائیں گے۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جاسکے۔پولیو ایمر جنسی آپریشن سینٹر کے کو آرڈینیٹر سید فیصل احمد کے مطابق بلوچستان کے چار اضلاع میں آج (پیر) کو پولیو مہم شروع ہوگئی ہے جس کے دوران 8 لاکھ کے قریب بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔

مہم میں مجموعی طورپر 3824ٹیمیں شامل ہونگی جن میں 3239موبائل ٹیمیں، 371 ٹرانزٹ پوائنٹس اور 214فکسڈ سائٹس ہونگی ۔انہوں نے کہا ہے کہ مہم کے حوالے سے سیکورٹی کے انتظامات بھی کرلئے گئے ہیں ۔مہم کے دوران تمام عملے کو فول پروف سیکورٹی دی جائیگی جس پر پولیس ،لیویز اور ایف سی کے جوان تعینا ت ہونگے۔انہوں نے کہا کہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ مہم کے دوران پولیو ورکروں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلوائیںتاکہ اس موذی مرض سے نجات مل سکے۔