ملی یکجہتی کونسل پاکستان کیطرف سے ٹرمپ کے بیان کی شدید مذمت، مقتدر اداروں پر زور کہ وہ طے کریں کہ امریکہ ہمارا دوست ہے یا دشمن؟

 
0
370

لاہور اگست 22 (ٹی این ایس)  ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا ، پروفیسر حافظ سعید کے خلاف اقدامات اور اب کھلی دھمکی کے ساتھ پاکستان سے ڈو مور کا تقاضاامریکہ کی رعونت پر مبنی پالیسیوں کو ظاہر کرتا ہہے۔

ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے ریاست پاکستان کے مقتدر اداروں سے کہا ہے کہ وہ  اب کھل کر فیصلہ کریں کہ امریکہ پاکستان کا دوست ہے یا  دشمن؟

 جماعت اسلامی کے ہیڈ کواٹرمنصورہ لاہور میں ملی یکجہتی  کونسل کے ایک اہم مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  ملی یکجہتی کونسل پاکستان  کے صدر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے عسکری ترجمان کی جانب سے دہشت گردی کے واقعات بالخصوص2013میں عاشورہ محرم کے موقع پر راولپنڈی میں ہونے والے سانحہ کے بارے انکشافات سے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا موقف ایک مرتبہ پھر درست ثابت ہو گیاہے کہ ملک میں ایک ہی گروہ شیعہ و سنی قتل و غارت میں ملوث ہے جو بیرونی ایجنڈے کے مطابق ملک میں فرقہ واریت کو پھیلانا چاہتا ہے، کونسل نے ہمیشہ دشمن کی تمام تر سازشوں کوہمیشہ بروقت بے نقاب کیا ہے ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےملی یکجہتی کونسل کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ2013میں راولپنڈی میں عاشورہ کے واقعہ کے فورا بعد ہمارا ایک وفدمختلف مسالک کے علماءسے ملا ،مدرسہ تعلیم القرآن کادورہ کیا گیااور امام بارگاہوں پر ہونے والے حملوں کی بھی مذمت کی گئی ، اسی طرح کونسل کے سربراہی اجلاس میں جنرل(ر) حمید گل مرحوم کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی جس نے اس مسئلہ کو سلجھانے اورمسلکی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ، ملی یکجہتی کونسل کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ملک میں بین المسالک ہم آہنگی کی فضا برقرار رہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ آئی ایس پی آر کے انکشافات سے یہ سبق ملتا ہے کہ مختلف مسالک کے لوگوں کو کسی بھی فرقہ وارانہ واقعہ پر فوری اور جذباتی ردعمل کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے بلکہ پہلے اس کی تحقیق اور تصدیق کرنی چاہیے تاکہ دشمن اپنے ارادوں میں کامیاب نہ ہوسکے ۔

اجلاس میں کونسل پنجاب کے صدر میاں مقصود احمد نے کہا کہ تمام مسالک کے علماءکو چاہیے کہ مل کر ایک دوسرے کے پیچھے نماز پڑھیں ، علماءکے اتحاد کا مظاہرہ دیکھ کر عوام پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔اجلاس میں کونسل کے آئندہ اجلاسوں اور پروگراموں کی توثیق اور تائید کی گئی ۔ اجلاس میں کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثاقب اکبر ، کوٹ مٹھن کے سجادہ نشین پیر معین الدین کوریجہ ،جمعیت اتحاد علمائے پاکستان کے سربراہ مولانا عبد المالک ، جمعیت علمائے پاکستان کے سینئر نائب صدر مفتی طاہرتبسم ، جمعیت علمائے پاکستان کے نائب صدور بیرسٹر وسیم الحسن اور میاں محمد بشیر ،جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل حافظ ساجد انورنیز جماعت اسلامی پنجاب کے صوبائی قائدین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔