اسلام آباد(ٹی این ایس) پاکستانی عسکری ,سول قیادت ارشد ندیم کےگولڈ میڈل جیتنے پر مسرور.پارلیمنٹ سےقرارداد منظور

 
0
164

پاکستانی عسکری ,سول قیادت ارشد ندیم کےگولڈ میڈل جیتنے پر مسرور.پارلیمنٹ سےقرارداد منظور
.(اصغر علی مبارک)یوم آزادی کا تحفہ, پاکستان کی عسکری اورتمام سیاسی قیادت ارشد ندیم کے پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے پرمسرور اور ارشد ندیم سمیت قوم کو مبارکباد پیش کی ہے, بطورصحافی میں ارشد ندیم کو سلام پیش کرتا ہوں، ان کے عظیم کارنامے کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ ارشد ندیم، ان کے اہل خانہ اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ ارشد ندیم پاکستان کے کروڑوں عوام کے اتحاد کی علامت بن کر ابھرے ہیں اور لوگوں کے لیے ایک متاثر کن شخصیت ہیں۔


چند ماہ قبل ارشد ندیم سے میری ملاقات ہوئی جس میں وہ اولمپک گیمز میں تمغے کے لیے پر امید تھے جب میں نے دوسرے بین الاقوامی اتھلیٹس کے ساتھ ان کے فرق کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا اور کہا کہ اس کا جواب اسٹیڈیم میں دیا جائے گا اور انہوں نے یہ سچ کر دکھایا۔ پاکستان کی قومی اسمبلی, سینٹ آف پاکستان میں انکو قراداد میں پاکستان کااثاثہ قرار دیتے ہوئے انہیں قومی ھیرو قراردیا جبکہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے انہیں صدرارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازنے کا اعلان کیا ہے قومی ہیرو آج پاکستان واپس پہنچ رہے ہیں جنکا ائیر پورٹ والہانہ استقبال کیا جائےگا جبکہ انکی صدر پاکستان, وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقاتیں متوقع ہیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم سمیت قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق اولمپکس میں پاکستان کیلئے 40 سال بعد پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور افواج پاکستان کے سربراہان آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں ارشد ندیم کی جیت پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ارشد ندیم نے انفرادی طور پر گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن کر تاریخ میں اپنا نام روشن کیا، اولمپکس میں پاکستان کیلئے شاندار کامیابی ارشد ندیم کی غیر متزلزل لگن کا نتیجہ ہے۔اپنے بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اولمپکس میں کامیابی ارشد ندیم کی انتھک محنت، ثابت قدمی اور مثالی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں پوری قوم کی نظریں ارشد ندیم پر تھیں جو پاکستان کو 32 سال بعد اولمپکس میں کوئی میڈل دلانے کی واحد امید تھے۔واضح رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 8 اگست 1992 کو اولمپکس میڈل پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا جب کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے ہی دلوایا تھا۔ارشد ندیم پاکستان کو انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔
جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایاہے، ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لکھا کہ سب سے پہلے تو میں اس بڑی کامیابی پر اللہ کا شکر گزار ہوں، اس کے بعد میرے والدین اور پوری قوم کی دعائیں میرے ساتھ رہیں، بالخصوص میرے کوچ سلمان اقبال بٹ کی انتھک محنت اور ڈاکٹر علی شیر باجوہ کی حمایت سے میں یہ سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب رہا، سب کا بہت شکریہ۔ ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ یہ گولڈ میڈل میری طرف سے پوری قوم کو یوم آزادی کا تحفہ ہے۔
پاکستان کی عسکری اورتمام سیاسی قیادت کے زبردست مبارکبادی پیغامات کے بعد قومی اسمبلی میں ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قرارداد پیش کی جومنظور کرلی گئی قراداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان ارشد ندیم کو مبارک باد پیش کرتا ہے، ارشد ندیم نے ثابت کیا کہ وسائل کی کمی اور راہ کی دشواریاں راستہ نہیں روک سکتی۔قراداد میں میں بتایا گیا ہے کہ یہ ایوان ارشد ندیم کی سابقہ کامیابی کو بھی احترام سے دیکھتی ہے، یہ ایوان سفارش کرتی ہے کہ صدر مملکت آصف زرداری ارشد ندیم کو سول ایوارڈ سے نوازیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے مبارکباد پیش کی ۔صدر مملکت آصف علی زرداری کی اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے۔ شاندار اولمپکس ریکارڈ قائم کرنا، طویل ترین جیولین تھرو بڑا کارنامہ ہے، پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے تمغہ جیت کر ارشد ندیم نے ہمارا سر فخر سے بلند اوراولمپکس جیسے بڑے مقابلے میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اولمپک کی 118سالہ تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کرنے پر ارشد ندیم آپ ڈھیروں مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی کامیابی کا جشن وزیراعظم شہباز شریف نے بھی منایا جن کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔گزشتہ رات 11 بجتے ہی قوم کی نظریں صرف ارشد ندیم پر جمی ہوئی تھیں اور سب کی ٹی وی اسکرین پر صرف ارشد ندیم چھایا ہوا تھا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ارشد ندیم کی شاندار 92.97 میٹر کی تھرو دیکھتے ہی وزیراعظم کھڑے ہوگئے اور انہوں نے ہاتھ اٹھا کر کامیابی کا جشن منایا جب کہ اس موقع پر رانا مشہود نے وزیراعظم کو مبارکباد دی۔وزیراعظم ن اولمپک میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاباش ارشد ندیم ،آپ نے قوم کا سرفخر سے بلند کردیا۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ اولمپک میں تاریخ رقم کرکےآپ نےثابت کیا ہے کہ ارادے مضبوط ہوں تو ناممکن ممکن بن جاتاہے۔قوم کےبیٹےاولمپئین ارشدندیم پر والدین ہی نہیں ہم سب کو ناز ہے۔اس دوران اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ارشد ندیم کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکبادکے بیان میں کہا کہ ارشد ندیم نے بھرپور محنت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا, پاکستان میں جیولن تھرو کے کھیل کے فروغ کیلئے ارشد ندیم کی خدمات قابل ستائش ہیں، پوری قوم کو ارشد ندیم پر فخر ہے اولمپکس کے کھیل میں نئی تاریخ رقم کی ہے، ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستانی قوم کے دل جیت لیے ہیں ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے فائنل میں گولڈ میڈل جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کیا، اس سے پہلے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نےگولڈ میڈل جیتنے پر مبارکبادکے بیان میں کہا کہ ارشد ندیم کی عظیم کامیابی نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے پوری قوم ارشد ندیم کی کامیابی کے لیے دعا گو اور پر امید تھی،یہ موقع پاکستان کے ہر شہری کے لیے باعثِ فخر ہےان کی محنت، عزم اور لگن نے نہ صرف پاکستان کا نام روشن کیا ہے بلکہ دنیا بھر کے نوجوانوں کے لیے ایک مثال قائم کی ہے،دعاگو ہیں کہ ارشد ندیم مستقبل میں بھی اسی طرح کامیابیوں کے جھنڈے گاڑتے رہیں،ارشد ندیم کی کامیابی نے نوجوان نسل کو سبق دیا ہے کہ خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے مستقل مزاجی اور لگن ضروری ہیں،اللّہ تعالیٰ وطن عزیز کو مزید کامیابی و کامرانیوں سے نوازے، دوسری طرف چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ارشد ندیم کواولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکبادکے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کیا۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم نے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں پاکستان کیلئے تاریخ میں پہلا طلائی تمغہ حاصل کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی ارشد ندیم کو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکبادپیش کی ۔اپنے مبارکباد کے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل ہی نہیں قوم کے دل بھی جیت لیے ہیں،ارشدندیم نےاولمپکس میں 92.97 میٹرکاریکارڈ قائم کرکےاپنی برتری ثابت کردی۔ گولڈ میڈل جیتنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیاہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ جشن آزادی پر ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کو تحفہ دیا۔انہوں نے مشکلات کے باوجود 40 سال بعد پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ارشد ندیم کے نام سے منسوب اسپورٹس سٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔اس سے قبل سندھ حکومت ارشد ندیم کے لیے 5 کروڑ، گورنر سندھ اور گورنر پنجاب 20،20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر چکے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ارشد ندیم کیلئے اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر پورے ملک کو ان پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کے ساتھ اولمپک گولڈ میڈل جیتنا آپ کی سخت محنت لگن اور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے ارشد ندیم کے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم کی محنت اور عزم نے دنیا بھر میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں پوری قوم کی نظریں ارشد ندیم پر تھیں جو پاکستان کو 32 سال بعد اولمپک میں کوئی میڈل دلانے کی واحد امید تھے۔ اولمپک کی 118سالہ تاریخ میں منفرد ریکارڈ قائم کرنے پر ارشد ندیم کو ناصرف قوم بلکہ سیاسی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ شوبز ستارے بھی خوب داد دے رہے ہیں۔ مختلف اداکاروں و گلوکاروں نے ارشد ندیم کی کامیابی کو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے مبارک باد دی۔ گلوکار عاصم اظہر اور اداکارہ مائرہ خان نے ارشد ندیم کو قوم کا ہیرو قرار دیا۔ اس کے علاوہ اداکارہ عائزہ خان اورہانیہ عامر نے تاریخ رقم کرنے پر ارشد ندیم کی تعریف کی۔ شوبز ستاروں نے ارشد ندیم کو ’قوم کا ہیرو‘ قرار دے دیا اداکار فہد مصطفیٰ اور سجل علی نے بھی انسٹاگرام کی اسٹوری پر ارشد ندیم کو پاکستان کیلئے گولڈ میڈل حاصل کرنے پر سراہا۔خیال رہےکہ پاکستان نے آخری مرتبہ 8 اگست 1992 کو اولمپکس میڈل پوڈیم پر قدم رکھا تھا جب قومی ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا جب کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جوکہ ہاکی ٹیم نے دلوایا تھا۔ارشد ندیم پاکستان کو انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔ فائنل مقابلے میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹیباگو کےکیشور ن نے پہلی تھرو 86.16 کی کی جب کہ پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو نہ کرسکے۔ جرمنی کے جیولین ویبر بھی پہلی تھرو نہ کرسکے۔فن لینڈ کے لاسی نے 78.81 کی پہلی تھرو کی، بھارت کے نیرج چوپڑا کی پہلی تھرو ضائع ہوگئی۔فن لینڈ کے اولیور ہیلینڈر نے پہلی تھرو 80.92 کی کی۔جمہوریہ چیک کے جیکب ویلیج نے دوسری تھرو 84.52 کی۔ان کے بعد پاکستان کے ارشد ندیم نے اپنی دوسری تھرو 92.97 میٹر کی کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بنا دیا۔ ارشد ندیم کی یہ اس مقابلے کی اب تک سب سے بہترین تھرو ہے۔اس سے قبل اولمپک ریکارڈ 90 اعشاریہ 57 میٹر کا تھا جو کہ ناروے کے اینڈریاس تھورکلڈیسن نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں بنایا تھا۔جرمنی کے جیولین ویبر نے اپنی دوسری تھرو 87.33 کی کردی۔ بھارت کے نیرج چوپڑا نے اپنی دوسری تھرو 89.45 کی کردی۔پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو فائنل کے دوسرے راؤنڈ میں فن لینڈ کے ایٹیلاٹو نے دوسرے راوؤنڈ کی پہلی تھرو 82.02 میٹر کی۔ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹیباگو کے کیشور ن نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی تھرو 78.96 میٹر کی۔ کینیا کے جیولیس یگو نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی تھرو 84.90 میٹر کی۔گرینیڈا کے اینڈرسن نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی تھرو 88.54 میٹر کی۔ بھارت کے نیرج چوپڑا نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی تھرو ضائع ہوگئی۔پاکستان کے ارشد ندیم نے دوسرے راؤنڈ میں پہلی تھرو 79.40 میٹر کی۔بھارت کے نیرج چوپڑا کی دوسرے راؤنڈ کی دوسری تھرو ضائع ہوگئی۔بھارت کے نیرج چوپڑاکی دوسرے راؤنڈ کی تیسری تھرو بھی ضائع ہوگئی۔پاکستان کے ارشد ندیم نے دوسرے راؤنڈ کی تیسری تھرو 91.79 میٹر کی۔ پاکستان کو گولڈ میڈل جتوانے والے ارشد ندیم کی والدہ کا کہنا ہے کہ میں اپنے بیٹے کے استقبال کیلئے پھول لے کر جاؤں گی، بیٹے کی کامیابی کیلئے بہت دعائیں کی، خوشی ہے کہ میرے بیٹے نے ملک کا نام روشن کیا۔والدہ کا کہنا تھا کہ پوری قوم نے بھی میرے بیٹے کی کامیابی کیلئے دعائیں کیں ہیں۔ پورے پاکستان سے بھی زیادہ خوش ہیں اور وہ اپنے بیٹے کو گلے لگانے کیلئے بے چین ہیں۔
دوسری طرف پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی جیت پر ان کے حریف، بھارتی نیرج چوپڑا کا کہنا ہے کہ میں 2016 سے مختلف مقابلوں میں ارشد کے ساتھ مدِمقابل رہا ہوں لیکن یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ارشد مجھ سے جیت گیا ہے۔ کھیل میں ایسا ہوتا رہتا ہے۔مقابلوں میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کو جیت کی خوشی میں مبارک باد دی۔ارشد نے بہت محنت کی ہے اور آج کی رات ارشد مجھ سے بہتر تھا۔ اسے یہ جیت مبارک ہو۔بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا کی والدہ سروج دیوی نے ارشد ندیم کے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔سروج دیوی نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم نیرج چوپڑا کے سلور میڈل جیتنے پر بھی خوش ہیں، ہمارے لیے سلور بھی گولڈ جیسا ہی ہے، ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتا وہ بھی میرا بیٹا ہے وہاں تک پہنچنے کے لیے سب محنت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میدان میں سب کھیلنےکے لیے اترتے ہیں، کسی ایک کو جیتنا ہی ہوتاہے، بات ہریانہ اورپاکستان کی نہیں،یہ خوشی کی بات ہےاس موقع پر نیرج چوپڑا کے والد ستیش کمار نے کہا کہ ہر کھلاڑی کی کامیابی کا دن ہوتا ہے، یہ دن ارشد ندیم کے لیے اچھا تھا اس لیے وہ گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے، مقابلے میں 12 ممالک مدِ مقابل تھے اور ان 12 ممالک میں سے ایک پاکستان جیتا ہے، ان کا دن اچھا تھا اسی لیے وہ جیت گئے۔جیولین تھرو ایونٹ میں ارشد کی جیت کے بعد ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں کھلاڑی کو خوشی کے آنسو بہاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ارشد ندیم گولڈ میڈل جیتنے کے بعد سابق چیئرمین ایتھلیٹکس فیڈریشن اکرم ساہی سے مل کر رو پڑے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔پاکستان ایتھلیکٹس فیڈریشن کے سابق صدر میجر جنرل اکرم ساہی نے بتایا کہ 7 سال قبل عالمی فیڈریشن سے ان کے لیے اسکالر شپ حاصل کی تھی، انہیں ماریشس میں ورلڈ کلاس کوچ کی نگرانی میں 6 ماہ کی ٹریننگ لینی تھی مگر دو دن بعد ہی انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستانی روٹی چاہیےاکرم ساہی کے مطابق ارشد نے کہا کہ کھانے میں مزہ نہیں آرہا، مجھے واپس بلالیں، ہم نے مقامی افراد کی مدد سے پاکستانی اور بھارتی ریسٹورینٹ سے روٹی کا بند وبست بھی کرایا مگر وہ خوش نہیں تھےجس پر واپس بلالیا۔ ارشد سادہ طبعیت کا کھلاڑی ہے، ہماری ہدایت پر اپنی پہلی تھرو ہی طویل پھینکنے کی حکمت عملی اپنائی جس سے کوالیفائی راؤنڈ میں فائدہ ہوا۔واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے92.97 میٹر کی تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بناتے ہوئے پاکستان کو گولڈ میڈل جتوادیا۔