اسلم آباد(ٹی این ایس) پنجاب ادارہ برائے زبان ، فن وثقافت اور ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اشتراک سے لیجنڈ اداکار سردار کمال کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعزیتی ریفرنس

 
0
48

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب ادارہ برائے زبان ، فن وثقافت اور ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اشتراک سے پنجابی فلم ، ٹی وی ، سٹیج کے عظیم فنکار سردار کمال کی فنی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک تعزیتی ریفرنس پنجاب آڈیٹوریم پلاک قذافی سٹیڈیم میں منعقد کیا گیا – جس میں فلم ،ٹی وی ، سٹیج کے نامور فنکاروں ، تخلیق کاروں نے بھرپور شرکت کی – تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری سعید اویسی کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا – معروف نعت خواں غلام مصطفٰی قادری نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی – تعزیتی ریفرنس کی نظامت کے فرائض نامور شاعر اعظم منیر نے بڑے احسن طریقے سے انجام دیئے – ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی سیکرٹری جنرل و چیئرمین ایوارڈز کمیٹی پیر سید سہیل بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے لیجنڈ اداکار سردار کمال کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے – ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان کا قیام 1981ء میں ہوا – اس پلیٹ فارم کے تحت ایشین ایوارڈز ، ایشین ایکسی لینس پرفارمنس ایوارڈز ، ایشین میڈیا اینڈ بزنس ایوارڈز جوکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے وابستہ افراد و شخصیات کو انکی اعلٰی کارکردگی پر 6 ،سالانہ تقریبات منعقد کی جا چکی ہیں – ایشین میڈیا اینڈ بزنس ایوارڈز کی تقریبات لاہور کے علاوہ اسلام آباد میں منعقد کی گئی – میری طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے تقریبات تعطل کا شکار رہیں – اب انشاءاللہ 8 ،ربیع الاول کے بعد مختلف اضلاع میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا – اسی طرح فلم ٹی وی ، سٹیج اور زندگی کے ہر شعبہ سے نمایاں افراد و شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ” اعتراف فن اور اعتراف خدمت ” کی تقریبات کا بانی ہوں اور دنیا سے چلے جانے والی شخصیات کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کرنا بھی میرا اعزاز ہے – کچھ عرصہ میں ان تقریبات کو منعقد کرنے سے قاصر اس وجہ سے رہا کہ چند افراد نے میری تقلید کرتے ان ریفرنس کا انعقاد کیا مگر وہ یہ سلسلہ برقرار نہ رکھ سکے کیونکہ دنیا سے چلے جانے والوں سے انہیں کوئی مفاد حاصل نہ ہوا اور انہوں نے یہ سلسلہ بند کر دیا – پھر دوست احباب کے اصرار پر یہ سلسلہ دوبارہ شروع کرنا پڑا – اس سلسلے میں کی یہ تیسری تقریب ہے – پیرسیدسہیل بخاری نے کہا کہ آج لیجنڈ اداکار سردار کمال کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے فلم ، ٹی وی ، سٹیج کے فنکاروں اور تخلیق کاروں کا ایک خوبصورت گلدستہ میرے سامنے ہال میں بیٹھا ہے اس کے ساتھ ساتھ عوام کی محبت کا اندازہ اس بات سے لگا لیں کہ آڈیٹوریم پلاک میں ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کی موجودگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ سردار کمال کتنے مقبول تھے – پیر سید سہیل بخاری نے کہا کہ میں نے کبھی فنکار اور تخلیق کار کو مرحوم نہیں لکھا کیونکہ فنکار کا فن نہیں مرتا اور تخلیق کار کی تخلیق زندہ رہتی ہے –
لیونگ لیجنڈ اداکار سید محسن گیلانی نے سردار کمال کی شخصیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرا اس سے عقیدت کا تعلق تھا جو 1985یا86 میں قائم ہوا اور مرتے دم تک برقرار رہا – ہم نے اکٹھے ساڑھے پانچ سال تماثیل تھیٹرز میں ڈرامے بھی کئے ریہرسل بھی کیں اور ڈرامے کے بعد اکٹھے وقت بھی گزارا – سردار کمال کا گھر پردیسیوں کیلئے ہر وقت کھلا رہتا ساتھ اسکا لنگر بھی چلتا رہتا تھا – سید محسن گیلانی نے کراچی کے فنکاروں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک دوسرے کے بارے میں آگاہی رکھتے ہیں اور جو فنکار فری ہوتا ہے اسے کام دلانے میں مدد کرتے ہیں ہمیں بھی مہینہ دو مہینے میں ایک بیٹھک کرنی چاہئے تاکہ ایک دوسرے کے مسائل سے آگاہی ہو سکے – اس تجویز کو پیر سید سہیل بخاری نے اپنے ذمہ لیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ماہ میں فنکاروں اور تخلیق کاروں کا اکٹھ کریں گے اور جو بھی وہ اپنی بساط کے مطابق کر سکتے ہیں کریں گے انشاءاللہ – پیر سید سہیل بخاری کی اس بات کو آگے بڑھاتے ہوئے لیونگ لیجنڈ سید نور نے کہا کہ پیرسیدسہیل بخاری یہ بوجھ مجھ پر ڈال دیں میرا سٹوڈیو حاضر ہے ہم سب اس جگہ پر اکٹھے ہوا کریں گے انشاءاللہ –


اس موقع پر لیونگ لیجنڈ مصنف فلمساز و ہدایت کار سید نور نے کہا کہ سردار کمال نے میری فلم “چوڑیاں ” میں یادگار کردار ادا کر کے ثابت کیا کہ وہ ایک منجھے ہوئے اداکارہیں – سردار کمال بااخلاق۔ باکمال اداکار کے ساتھ ساتھ ایک درد مند انسان تھے –
لیونگ لیجنڈ اداکار حامد رانا نے کہا کہ سردار کمال بہت اعلٰی فنکار تھا اس نے اپنی فیلڈ کے ہر بندے سے پیار کیا انکے ہر دکھ درد میں شانہ بشانہ رہا سردار کمال کی کمی کو پورا کرنا بہت مشکل ہے –
اداکار شاہد خان نے سب سے پہلے پیر سید سہیل بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ تعزیتی ریفرنس منعقد کر کے فنکاروں کے دل جیت لئے ہیں – سردار کمال کے بارے میں صرف اتنا کہوں گا کہ جب میں فیلڈ میں آیا تو میری زندگی میں تین سینئر اداکار حسن مراد ، طاہر نوشاد اور سردار کمال کا ساتھ میسر آیا اور ان تینوں بھائیوں نے میری مکمل رہنمائی اور مدد کی – سردار کمال کا گھر فیلڈ کے ہر نووارد کیلئے کھلا رہتا تھا اور جب پردیسی کو گھر کی چھت اور کھانا میسر آجائے تو فنکار کی کامیابی یقینی ہو جاتی ہے – سردار کمال کا گھر اور لنگر ہر فنکار کیلئے میسر تھا –
اداکار طاہر نوشاد آنسوؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردار کمال بڑے نرم دل کے انسان تھے کسی بھی انسان کی عظمت کا اندازہ اس کے مرنے کے بعد اسکے جنازہ سے لگایا جا سکتا ہے انکی اچانک موت کی خبر سن کر میرا بلڈ پریشر انتہائی کم ہوگیا میں جنازے میں شریک نہ ہو سکا لیکن جب میں نے میڈیا پر ہزاروں افراد کو شریک ہوتے دیکھا تو مجھے یقین ہوگیا کہ سردار کمال جنتی ہے – طاہر نوشاد نے مزید بتایا کہ سردار کمال شریف النفس انسان تھے – ایک مرتبہ میرے سامنے کسی نے بدتمیزی کی اس پر مجھ غصہ آگیا مگر انہوں نے مجھے منع کیا کہ کچھ نہیں کہنا – بلکہ انہوں نے خاموشی اختیار کی – اس شخص نے سردار کمال سے معافی طلب کی –
اداکارہ شیبا بٹ نے کہا کہ سردار کمال میرے مرحوم شوہر اداکار طارق جاوید کے شاگرد تھے وہ میرا بھائی تھا – سردار کمال ایک درویش صفت اداکار تھا – اس کو صحبت طارق جاوید کی ملی تھی وہ ایک شاہ خرچیوں آدمی تھا سردار کمال بڑا باادب اور با مراد تھا اسکا سب کے ساتھ تعلق باکمال تھا وہ اداکار کا سردار تھا –
اداکار حسن مراد نے سردار کمال کے اچانک دنیا سے چلے جانے کو ایک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیسے اس نے زندگی میں کسی کو تکلیف نہیں پہنچائی اسی طرح دنیا سے جاتے ہوئے کسی دوست ،رشتے دار کو کوئی درد نہیں دیا خاموشی سے اپنی جان اپنے خالق کے سپرد کر دی – اور میں ایسی موت کا خواہشمند ہوں کہ بنا کسی کو تکلیف پہچائے اپنے خالق حقیقی سے جاملوں – سردار کمال میرا ایسا ساتھی تھ جس کے ساتھ میں اپنے دکھ درد بانٹتا تھا وہ ایک عظیم اداکار کے ساتھ ساتھ ایک اعلٰی ظرف انسان تھا ہم سب اسکے اس طرح اچانک دنیا سے چلے جانے پر افسردہ ہیں اور انکے خاندان کے ساتھ اس غم میں برابر کے شریک ہیں – میں اور میرے تمام ساتھی فنکار پیر سید سہیل بخاری کا تہہ دل سے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمارے ساتھی سردار کمال کیلئے پروقار تقریب کا انعقاد کیا –
لیونگ لیجنڈ مصنف فلمساز و ہدایت کار محمد پرویز کلیم نے کہا کہ سردار کمال ایک کامیڈین نہیں تھا بلکہ ایک مکمل ایکٹر تھا – میری فلم “جنت کی تلاش ” میں مجھے ایک کریکٹر ادا کرنا پڑا جو کہ ایک میگزین کا مدیر ہوتا ہے اور سردار کمال کا کردار ایک شاعر کا ہوتا ہے شاعر بھی وہ جو 1947ء سے پہلے کا ہوتا ہے – اس میں سردار کمال کا اردو کا لہجے نے کہیں بھی یہ باور نہیں کروایا کہ اس کا تعلق فیصل آباد سے ہے بلکہ اتنی عمدہ اردو لب ولہجہ استعمال کرکے ثابت کیا کہ وہ ایک مکمل اداکار ہے – اسکا میرا تعلق ایک بزرگ کا تھا –
اداکار گوشی خان اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور مسلسل روتے رہے –
گوشی خان نے کہا کہ انکا مقابلہ تماثیل تھیٹرز میں ہمیشہ مجھ سے رہتا تھا مگر انہوں نے ہمیشہ اعلٰی کردار کامظاہرہ کیا – سردار کمال جیسا فنکار صدیوں میں پیدا ہوگا –
اداکار امانت چن نے سب سے پہلے پیر سید سہیل بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ان سے ملنے کا خواہشمند تھا جنہوں نے ہمارے ساتھی فنکار اور پیارے انسان سردار کمال کیلئے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا – انہوں نے کہا کہ اس نفسا نفسی کے دور میں بغیر کسی نفع کے کسی فنکار کی یاد کو تازہ کرنا ایک اہم اور بڑا کام ہے اور یہ بے لوث خدمت بخاری صاحب نے انجام دی ہے – سردار کمال باکمال اور بے مثال تھا – اسکی اداکاری اور انسان دوستی ایک مثال ہے – امانت چن نے کہا کہ سردار کمال نے اداکاری کی معراج حاصل کر لی تھی اسکا اچانک دنیا سے چلے جانے ایک سانحہ ہے اللہ اسکی مغفرت کرے آمین ثم آمین یا رب العالمین –
مصنف وہدایت اجمل ملک نے کہا کہ سردار کمال ایک فنکار ہی نہیں ایک دوستی اور تعلق نبھانے والے انسان تھے انکے بارے میں اتنا کہونگا کہ ہر شخص جس کا سردار کمال کے ساتھ تعلق تھا وہ یہی سمجھتا تھا کہ وہ صرف میرے ہیں –
سینئر صحافی و اینکر شاہنواز رانا نے اپنے جذبات کا اظہار ان الفاظ میں کیا کہ سردار کمال اپنی فیلڈ کا سردار تھا اس نے اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں ہر کردار بخوبی نبھایا اور بہت کم اداکار ایسے ہیں جو اپنے عروج میں ہی اس دنیا سے اچانک رخصت ہوگئے نہ اپنی فیملی کوتکلیف پہنچائی اور نہ ساتھی فنکاروں کو –
سینئر ٹی وی پروڈیوسر آغا قیصر عباس نے کہا کہ سردار کمال فن کا سردار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک باکمال اور بے ضرر انسان تھے ہمیشہ ساتھی فنکاروں کے بارے میں آگاہی رکھتے تھے اور ہر ممکن مدد اور رہنمائی کرتے تھے پروردگارعالم انکی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلٰی مقام عطا فرمائے آمین ثم آمین یا رب العالمین –
معروف شاعر ،اینکر ، اداکار امتیاز احمد کوکب نے سردار کمال کو منظوم ہدیہ عقیدت پیش کیا اور بے پناہ داد وصول کی –
انٹرنیشنل پروموٹر اور چیف آرگنائزر ایشین کلچرل ایسوسی ایشن آف پاکستان تجمل ظہور بالم بٹ نے کہا کہ سردار کمال نے لیجنڈ اداکار افضال احمد کے تماثیل تھیٹرز میں سالہا سال پرفارم کیا ان سے روزانہ کی ملاقات تھی کیونکہ میں اس وقت تماثیل سے منسلک تھا وہ ایک با اخلاق اور اعلٰی کردار کے بے مثال اداکار تھے اللہ انکی مغفرت فرمائے –
تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر فاتحہ خوانی کروائی گئی اور سردار کمال کی مغفرت کیلئے دعا کی – سینئر فلم رپورٹرسید ساجد یزدانی ،شوبز رپورٹر رانا نوید احمد ، اداکار عمران احمد
سینئر صحافی خالد اعجاز مفتی اور زندگی کے ہر شعبہ سے نمایاں افراد و شخصیات شریک ہو کر لیجنڈ اداکار سردار کمال کو خراج عقیدت پیش کیا – اس موقع پر تقریب کے میزبان معروف شاعر اعظم منیر نے پیرسیدسہیل بخاری کی 42،سال کی ثقافتی، ادبی خدمات پر حکومت پاکستان سے صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی دینے کا مطالبہ کیا ہے جسے تمام فنکاروں اور آڈیٹوریم میں موجود تمام حاضرین کی تائید کی – آخر میں پیر سید سہیل بخاری چئیرمین ایوارڈزکمیٹی نے ڈائریکٹر جنرل پلاک محترمہ بینش فاطمہ ساہی کا بھر پور شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے سردار کمال کے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد پنجاب ادارہ فروغ زبان فن وثقافت کے اشتراک سے منعقد کیا –