یوم دفاع پاکستان 6 ستمبر کو ہر سال منایا جاتا ہے تاکہ 1965 کی پاک بھارت جنگ میں مسلح افواج کی قربانیوں اور قوم کی ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کیا جا سکے۔ یوم دفاع ہمیں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور ملکی سلامتی کے لیے اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے۔ یہ دن پاکستان کی مسلح افواج کے عزم اور بہادری کی علامت ہے، جو ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتی-ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نییومِ دفاع پاکستان کے موقع پر مری آرٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ پینٹنگز کی ایک شاندار نمائش کے انعقاد کیدوران کیا۔ اس نمائش کا افتتاح ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مری آصف امین اعوان نے کیا، جبکہ دیگر معزز شخصیات اور شہیدوں کے لواحقین بھی تقریب میں موجود تھے۔نمائش میں ملک کے دفاع، افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور یومِ دفاع کی تاریخی اہمیت پر مبنی پینٹنگز کو پیش کیا گیا۔ جن میں شہداء کی عظیم قربانیوں کو خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا۔ڈی سی مری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہماری افواج نے وطن کی حفاظت کے لیے دیں۔ انہوں نے نمائش میں شامل پینٹنگز کی تعریف کی اور کہا کہ یہ فن پارے نوجوان نسل میں حب الوطنی اور قربانی کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔ڈی پی او مری نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کی بہادری اور عوام کے ساتھ ان کے مضبوط تعلق پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت اور سلامتی میں ہر شہری کا کردار اہم ہے اور ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔نمائش کے دوران شرکاء نے پینٹنگز میں گہری دلچسپی لی اور فنکاروں کی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر مری آرٹس کونسل محترمہ انعم خالد اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اشرف میکن،احمد رضا،ریسکیو 1122۔ کے افسران اور ضلعی انتظامیہ کیلوگ بھی موجود تھے تصویری نمائش کے دوران، مری آرٹس کونسل کی ڈپٹی ڈائریکٹر انعم خالدنے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کی تقریبات مستقبل میں بھی منعقد کی جائیں گی تاکہ نوجوان نسل کو دفاعی اہمیت اور قومی شعور سے روشناس کیا جا سکے۔تقریب کا اختتام ایک منٹ کی خاموشی اور دعا کے ساتھ ہوا، جس میں شہداء کی روحوں کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔مری آرٹس کونسل کی جانب سے ایسی تقریبات کا انعقاد جاری رہے گا تاکہ نوجوان نسل کو وطن کی اہمیت اور دفاع کی ضرورت سے آگاہ کیا جا سکے۔ یوم دفاع کی مناسبت سے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مختلف تقاریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔ پنجاب ٹورازم اسکواڈ مری،ریسکیو 1122، محکمہ تعلیم، صحت سمیت دیگر شعبہ جات کی جانب سے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور عزم کا اظہار کیا گیا کہ وطن عزیز کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا