راولپنڈی (ٹی این ایس) چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ; یو ایم ٹی مارخورز اور نورپور لائنز کی جیت

 
0
357

راولپنڈی: بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں جمعرات کے روز کھیلے گئے میچوں میں یوایم ٹی مارخورز نے الائیڈ بینک اسٹالیئنز کو 3 رنز سے ہرادیا یہ اس کی مسلسل تیسری کامیابی ہے ۔نورپورلائنز نے اینگرو ڈولفنز کو 35 رنز سے شکست دے دی۔یہ ڈولفنز کی مسلسل تیسری شکست ہے۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں اے بی ایل اسٹالیئنز نے ٹاس جیت کر یوایم ٹی مارخورز کوپہلے بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔اے بی ایل اسٹالیئنز جواب میں 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 167رنز بناپائی۔مارخورز کی اننگز میں فخرزمان نے ایک چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 39 اور خواجہ محمد نافع نے ایک چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے36 رنز بنائے۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 74 رنز کا اضافہ کیا۔محمد نواز نے 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے28 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔ محمد شہزاد نے بھی 28 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے شامل تھے۔عثمان طارق اور طاہر حسین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔


اسٹالیئنز کی اننگز میں معاذ صداقت نے 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 82 رنز اسکور کیے لیکن ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر قابل ذکر کارکردگی نہ دکھاسکا جس کی وجہ سے جیت شکست میں بدل گئی۔شعیب ملک 16 اورحسین طلعت 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ آخری 4 وکٹیں اسکور میں صرف15 رنز کے اضافے پر گریں۔نثار احمد نے 23رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرکے میچ اپنی ٹیم کے حق میں کردیا۔ انہوں نے معاذ صداقت۔ حسین طلعت اور محمد محسن کو آؤٹ کیا۔اس میچ وننگ پرفارمنس پر وہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔دوسرے میچ میں اینگرو ڈولفنز نے ٹاس جیت کر نورپور لائنز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 194 رنز بنائے۔اینگرو ڈولفنز جواب میں 19.4 اوورز میں 159 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔لائنز کے کپتان امام الحق اور حسن نواز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں100 رنز بنائے۔ حسن نواز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے 50 رنز اسکور کیے۔امام الحق نے 65 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔


خوشدل شاہ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 22 گیندوں پر 57رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جس میں2 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔قاسم اکرم نے 21 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ڈولفنز کی اننگز میں صاحبزادہ فرحان 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 54 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔موسی خان نے 23 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔خوشدل شاہ اور شاہد عزیز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔خوشدل شاہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔جمعہ کو بھی دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ اے بی ایل اسٹالیئنز اور اینگرو ڈولفنز کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں یو ایم ٹی مارخورز اور لیک سٹی پینتھرز کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی