اسلام آباد (ٹی این ایس)(آئی پی ایس )پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں انٹرنیٹ کی سست روی اور پابندیوں پر حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو کنٹرول اور سنسر کرنے کی ایک اور کوشش جاری ہے۔بلاول بھٹو کا یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب پیپلز پارٹی اور وفاقی حکومت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں کیونکہ پارٹی کے سینئر عہدیداروں نے دسمبر میں وفاقی حکومت پر اعتماد کی کمی کا اظہار کیا تھا۔
18 دسمبر کو پارلیمنٹ میں پیپلزپارٹی کے ایم این اے عبدالقادر پٹیل نے ایکس پر پابندی اور فائر وال سمیت ملک میں انٹرنیٹ کی جاری صورتحال پر سخت تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ جامشورو میں سندھ یونیورسٹی میں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ انٹرنیٹ کی پابندیوں سے متعلق مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی ڈھانچہ سڑکیں، ہائی ویز موٹرویز ہوا کرتا تھا، آج کے دور میں بینڈوتھ، فائبر آپٹک کیبل، وائرلیس انٹرنیٹ سروسز ہیں۔