(اصغر علی مبارک)
جنوبی افریقہ (ٹی این ایس) جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ ٰمیچ میں پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان کے خلاف ریان رکلٹن اور ٹیمبا باووما کی شاندار سینچریوں کی بدولت 4 وکٹوں پر 316 رنز بنالیے۔کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ 61 رنز پر گر گئی، جنوبی افریقہ کے اوپنر ایڈن مرکرم 17 رنز بنانے کے بعد خرم شہزاد کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔تیسرے نمبر پر آنے والے ویان مُلڈر بھی 5 رنز بنانے کے بعد 70 کے مجموعی اسکور پر محمد عباس کی گیند پر رضوان کو کیچ تھما بیٹھے جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والے ٹرسٹن اسٹبز کھاتہ کھولے بغیر ہی آغا سلمان کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد پروٹیرز کے کپتان ٹیمبا باووما اور ریان رکلٹن نے چوتھی وکٹ پر 235 رنز کی شراکت داری قائم کی اور ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں لے آئے، ٹیمبا باووما 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ریان رکلٹن 176 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں، قومی ٹیم کی جانب سے آغا سلمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔میچ کے ابتدائی اوورز میں پاکستانی بلے باز صائم ایوب فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری لائن کے قریب پاؤں مڑنے کے باعث زخمی ہوگئے، شدید تکلیف کے باعث ایکسرے کے لیے انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔قبل ازیں، پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے نسیم شاہ کی جگہ فاسٹ باؤلر میر حمزہ کو شامل کیا ہے۔جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کپتان شان مسعود، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران مغل، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان علی آغا، عامر جمال، میر حمزہ، خرم شہزاد اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، ون ڈے سیریز میں ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کی خفت اٹھانے کے بعد جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔