تنگوانی (ٹی این ایس) شکارپور کے قریب رستم کے علاقے میں ڈومکی برادری کے سردار سے مسلح افراد نے لوٹ مار کی کوشش کی، مزاحمت پر مسلح افراد اور گارڈز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں دو گارڈ اور ایک ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ ڈومکی برادری کے سردار میر غالب خان ڈومکی زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، دس سے زائد مسلح افراد نے میر غالب خان ڈومکی کی گاڑی کو، جو سکھر سے کندھ کوٹ جا رہی تھی، میرزاواہ چیک پوسٹ کے قریب روک کر لوٹنے کی کوشش کی۔ گارڈز کی مزاحمت پر مسلح افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں بخشاپور کے دو گارڈز، سالار ڈومکی اور مہر ڈومکی، گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔ گارڈز کی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو نادر میرانی، جس کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے تھی، ہلاک ہو گیا۔واقعے کے بعد، شکارپور ضلع کی مختلف تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ جاں بحق گارڈز کی لاشوں کو خانپور اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ ڈاکو کے ساتھی اس کی لاش لے کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔زخمی میر غالب خان ڈومکی کو سکھر کے ضیاء الدین اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔ دوسری طرف رستم-فیضو روڈ پر اضافی نفری تعینات کر کے روڈ کو سیل کر دیا گیا ہے۔