ایبٹ آباد (ٹی این ایس) ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کاضلع تورغر کا دورہ، پولیس ہسپتال، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم اور پولیس ریسٹ ہاؤس کا افتتاح
پولیس ہسپتال میں تمام ضروری ادویات اور جدید میڈیکل آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، ناصر محمود ستی
ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے، ڈی آئی جی ہزارہ
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی کا ضلع تورغر کا دورہ، پولیس ہسپتال،کمانڈ اینڈ کنٹرول روم اور پولیس ریسٹ ہاؤس کا افتتاح، تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ہزارہ نے ضلع تورغر کا دورہ کیا، ڈی پی او تورغر سید مختار شاہ اور ایس پی انوسٹی گیشن شاہ نواز خان نے ڈی آئی جی ہزارہ کو خوش آمدید کہا۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے یادگار شہداء پولیس پر حاضری دی پھول پیش کیئے اور فاتحہ خوانی کی، بعد ازاں ڈی آئی جی ہزارہ نے تورغر میں پولیس ہسپتال، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم اور پولیس ریسٹ ہاؤس کا افتتاح کیا ڈی پی او تورغر نے اس موقع پر ڈی آئی جی ہزارہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع تورغر میں پولیس کو طبی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا تھا جس کے حل کیلئے پولیس لائن کے اندر ہی پولیس ہسپتال کا قیام عمل میں لایا گیا اور ضلع تورغر کے دو ملازمین جنہوں نے میڈیکل شعبہ کے مختلف کورسسز کیئے ہوئے تھے کو تعینات کیا گیا جو پولیس ملازمین کے معمولی میڈیکل چیک اپ اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فرسٹ ایڈکی سہولت کو یقینی بناتے ہیں۔ضلع تورغر ہیڈکوارٹر میں تمام اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگا دیئے گئے ہیں جنکی مانیٹرنگ 24/7 کی جاتی یے۔ ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے ڈی پی او تورغر کی ان کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ محکمہ اپنے جوانوں کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہا ہے جس کی بہترین مثال تورغر جیسے دور دراز علاقہ میں پولیس ہسپتال کا قیام ہے۔ پولیس ہسپتال میں تمام ضروری ادویات اور جدید میڈیکل آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قیام سے جرائم کی روک تھام اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ایکشن لینے کیلئے مددگار ثابت ہوگا، سی سی ٹی وی کیمروں کے زریعے پولیس ہیڈ کواٹر کی سیکیورٹی پر کڑی نظر رکھی جائے۔ڈی پی او تورغر سید مختار شاہ نے ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کو تورغر ضلع میں پولیس کارکردگی اور درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ پیش کی۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے اس موقع پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مجرمان اشتہاری کیخلاف مہم کا آغاز کریں۔ تورغر پہاڑی علاقہ ہے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری رکھیں مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے۔ غیر قانونی اسلحہ اورمنشیات کے خاتمہ کیلئے کارروائیاں عمل میں لائی جائے۔ بعد ازاں ڈی آئی جی ہزارہ نے پولیس ہیڈکوارٹر تورغر کے مختلف سیکیورٹی پوائنٹس اور فائرنگ رینج کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا