اسلام آباد (ٹی این ایس)(نیوز رپورٹر) ریاستی ٹیلی ویژن پی ٹی وی سے ریٹائر ہونے والے پنشنرز نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے تمام پنشنرز کی طرح پی ٹی وی سے ریٹائر ہونے والے پینشنرز کی پنشن میں پندرہ فیصد اضافہ کو یقینی بنایا جائے،وفاقی محتسب کے احکامات کے مطابق تمام پنشنرز کو سات ماہ کے بقایا جات فوری طور پر ادا کئے جائیں،کریڈٹ پر ادویات اور علاج کی سہولت برقرار رکھی جائے،دس یوم تک مطالبات پر مثبت پیش رفت نہ ہوئی تواحتجاج سمیت قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں،پی ٹی وی پنشنرز نے ا ن مطالبات کا اعلان نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران کیا،مظاہرے میں درجنوں پنشنرز شریک تھے جنہوں نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات درج تھے، مطاہرین کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی وی پنشنرز ادائیگیاں نہ ہونے کے باعث گو نا گوں مسائل کا شکار ہیں کمیوٹیشن کی ادائیگیاں جنوری 2023 ء سے تعطل کا شکارہیں جبکہ ستمبر 2022ء کو ریٹائر ہونے والے پنشنرز بھی ابھی تک اپنے حق سے محروم ہیں جن کی تعداد تین سو سے زائد ہو چکی ہے اور ان میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے،پنشنرز کے بقایا جات کی جلد از جلد ادائیگی کو ممکن بنایا جائے،پی ٹی وی انتظامیہ کی طرف سے اکیڈمی میں پنشنرز فیسلیٹیشن مرکز کی سہولت کو بحال کیا جائے، مظاہرین نے خبرادر کیا کہ اگر دس یوم تک انکے تمام جائزمطالبات پر کوئی مثبت پیش رفت نہ ہوئی تو پھر وہ احتجاج سمیت قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں