محمد نوازشریف کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر حکومت صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، چودھری برجیس طاہر

 
0
515

مظفر آباد : اگست 29(ٹی این ایس)وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ میاں محمد نوازشریف کے ویثرن کے مطابق آزادکشمیر حکومت صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ڈائیلاسز سینٹرکیلئے 53مشینیں فراہم کر دی ہیں۔میاں نواز شریف جب وزیر اعظم تھے تو انہوں نے خو د آزادکشمیر آ کر صحت کارڈ سکیم کا افتتاح کیا۔ اس مالی سال کے دوران پورے آزادکشمیر میں صحت کارڈ سکیم شروع کر دی جائیگی۔آزادکشمیر میں ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا معا ملہ بھی حتمی مراحل میں ہے۔

وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کشمیر سے متعلق میاں نوازشریف کی پالیسیوں پر مکمل طو رپر عملدآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔آزادکشمیر کی تمام سڑکوں کو بہتر کریں گے ۔ ہم جھوٹ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ماضی میں یہاں نوکریاں بیچی جاتی تھیں اور کرپشن کا بازار گرم تھا۔ آج لوگوں کو میرٹ پر نوکریاں مل رہی ہیں۔وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے بیان دیاکہ سیاسی ،دفاعی اور اقتصادی طور پر مستحکم پاکستان کشمیریوں کے لیے مفید ہوگا جس کو سازشی عناصر نے غلط رنگ دیا اور انکے خلاف ریفرنس دائر کر دیا۔

مجھے فخر ہے کہ ہماری پارٹی کے لوگ محنتی ہیں ۔کشمیری لائن آف کنٹرول کے اس پار حق خودارادیت کے حصول کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں جبکہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے ہماری فسٹ لائن آف دیفنس ہیں۔بھارت 70سال سے مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔بھارت کشمیرکی ڈیموگرافی تبدیل کرنا چاہتا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان پر الزام لگا رہا ہے اور دھمکیاں دیتا ہے۔ہماری حکومت نے اسے بتا دیا ہے کہ اپنی امداد واپس لے جائوہم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لاکھوں قربانیاں دیں اور کھربوں کی معیشت تباہ کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز مظفرآباد میں ڈئیلاسز سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آزادکشمیرکے وزیر خزانہ وصحت ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان،سابق ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایمز ڈاکٹر بشیر کنٹھ نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں وزیر صنعت وسماجی بہبود محترمہ نورین عارف،سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل خالد حسین اسد،ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ چوہدری محمد بشیر اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔

وزیر امور کشمیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جب تک کشمیریوںکو حقوق نہیں مل جاتے پاکستان کے 22کروڑ عوام اور حکومت انکی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔انہوںنے کہا کہ امریکہ افغانستان سے جنگ ہار گیاہے اب وہ پاکستان پر بے بنیاد الزمات لگا رہا ہے۔امریکہ کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق قرارداوں پر عملدرآمد کروانے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔

وزیر امور کشمیر نے کہا کہ میاں نواز شریف کشمیریوں کے ساتھ خصوصی لگائو رکھتے ہیں ۔انہوںنے کشمیر کے لیے میگا پراجیکٹس فیڈرل پی ایس ڈی پی میں شامل کروائے اور سی پیک میں آزادکشمیر کا بڑا حصہ مختص کروایا۔آزادکشمیر میں لوگوں نے مسلم لیگ(ن) کی کارکردگی دیکھ کر اس پر اعتماد کا اظہار کیا جبکہ دھرنے والوںکو آزادکشمیر سے ایک سیٹ بھی نہیں ملی۔پیپلز پارٹی والوںنے میرٹ کی خلاف ورزیاں کیں اور چپڑاسی سے لے کر سیکرٹری تک اپنے بندے لگائے لیکن لوگوں نے نہیں مسترد کر دیا۔

آزادکشمیر حکومت میاں نوازشریف کے ویثرن پر عمل پیرا ہے۔آزادکشمیر کے لوگوں سے ہم نے وعدہ کیا تھا کہ آپ کے ووٹوں سے انقلاب لائیںگے۔آج آزادکشمیر میں اس انقلاب کی شروعات ہو چکی ہیں۔میاں نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر آزادکشمیر میں ائیر ایمبولینس سروس شروع کی جا رہی ہے جس کے لیے بنیادی کارروئی مکمل کر لی گئی ہے۔ نوازشریف اگر کاغذوںمیں نہیں تو عوام کے دلوںمیں آج بھی وزیر اعظم ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے کہا کہ میاں نوازشریف کے شکرگزار ہیں جنہوںنے ڈائیلاسز سینٹرز کے لیے جدید مشینیں فراہم کیں اب لوگوں کو ڈائیلاسز کے لیے دوسرے شہروں میں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی ہدایت پر حکومت صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو پور ے آزادکشمیر میں صرف 324نرسز کی آسامیوں تھیں ہم نے نہ صرف نرسز کی 280آسامیاں مہیا کیں بلکہ پہلے ہی سال میں صحت کے شعبہ میں 1100آسامیاں فراہم کر دی ہیں۔ جن میں نرسز،ڈاکٹرز،پیرامیڈیکس شامل ہیں اس سے سروس ڈلیوری میں اضافہ ہوگا۔وزیر صحت نے کہا کہ ہم نے دس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں سمیت ایمز میں بھی ایمرجنسی ہیلتھ سروسز کا اجرا کیا ہے جس سے عام آدمی کو فائدہ ہو رہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ وزیر امور کشمیر نے کشمیر کونسل کا پیسہ تاریخ میں پہلی مرتبہ آزادکشمیر میں خرچ کرنے کے لیے منصوبہ جات شروع کیے ہیں جن کے تحت مظفرآبادسے پیرچناسی روڈ پہلے مرحلے میں بنائی جا رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ اگلے تین سالوںمیں آزادکشمیر کی تمام مرکزی شاہراہیں اپ گریڈ ہو جائیں گی جن سے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ دریں اثناء وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے ایمزمیں ڈائیلاسز سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سینٹر کا معائنہ کیااور مریضوں سے سہولیات کے بارہ میں دریافت کیا۔وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی کے مطالبہ پر وزیر امور کشمیر نے ڈائیلاسز سینٹر کی بہتری کے لیے 50فیصد گرانٹ کشمیر کونسل سے دینے کا بھی اعلان کیا جبکہ باقی 50فیصد آزادکشمیر حکومت فراہم کرے گی۔