تحریر: ریحان خان
اسلام آباد، بدھ، 12 فروری 2025 (ٹی این ایس): کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) نے ایک وسیع پیمانے پر امدادی مہم کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت پاکستان کے 52 سرد ترین اور برف پوش اضلاع میں 50,000 ونٹر کٹس تقسیم کی جا رہی ہیں۔
خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ 16,000 ونٹر کٹس مختص کی گئی ہیں، جن میں سے 12,200 پہلے ہی 11 اضلاع میں مستحقین تک پہنچا دی گئی ہیں، جبکہ بقیہ 3,800 کٹس چھ دیگر اضلاع میں ترسیل کے مراحل میں ہیں۔
ہر ونٹر کٹ میں دو گرم رضائیاں، مردوں اور خواتین کے لیے اونی شالیں، اور بچوں و بڑوں کے لیے گرم ملبوسات شامل ہیں، جو شدید موسم کی سختیوں سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
امدادی کٹس کی شفاف اور مؤثر تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA)، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (PDMAs)، مقامی انتظامیہ اور حیات فاؤنڈیشن کے تعاون سے یہ عمل سرانجام دیا جا رہا ہے۔
ملک بھر میں اندازاً 3 لاکھ 50 ہزار افراد اس امدادی مہم سے مستفید ہوں گے، جو کے ایس ریلیف کی انسانی ہمدردی پر مبنی مستقل کاوشوں کی عکاسی کرتا ہے، اور شدید سردی کا سامنا کرنے والی کمزور اور مستحق برادریوں کو ضروری معاونت فراہم کرنے کے عزم کو اجاگر کرتا ہے