حافظ سعید کی طرف سے اپنی دوبارہ نظر بندی کا نوٹیفیکیشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

 
0
374

لاہور، اگست 31(ٹی این ایس)جماعت الدعوہ کے امیر حافظ سعید نے اپنی دوبارہ نظر بندی کے نوٹیفیکیشن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

قانون دان اے کے ڈوگر کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں حکومت کی طرف سے حافظ سعید اور ان کے چار ساتھیوںکی نظر بندی میں نوے روز کی توسیع  کو چلینج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نظر بندی غیر قانونی ہےاور حکومت نے اس کےلئے ثبوت کے بغیر محض الزامات کا سہارا لیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ حافظ سعید اور ان کے ساتھیوں کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنابھی غیر قانونی ہے اور ان کی نظر بندی قانون کے تقاضوں کے منافی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت کسی شہری کو نوے یوم سے زائد نظر بند نہیں رکھا جا سکتا۔ درخواست میں کہاگیا کہ وفاقی نظر ثانی بورڈ بھی نظر ثانی میں توسیع کے ہوم سیکرٹری کے فیصلے کو غیر ضروری قرار دے چکا ہے۔ درخواست میں عدالت سےاستدعا کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کو حافظ سعید کی رہائی کا حکم دے۔