وزیراعلیٰ پنجاب پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں ، چینی سفارتخانے نے عمران خان کے جھوٹے الزامات کو مسترد کیاہے،مریم اورنگزیب

 
0
341

اسلام آباد :ستمبر 4(ٹی این ایس) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، چینی سفارتخانے نے عمران خان کے جھوٹے الزامات کو مسترد کیا ہے۔ گزشتہ روز جاری کئے گئے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ پھر عمران خان کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن شرمندہ وہ شخص ہوتا ہے جس میں شرم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پتہ لگانا لازم ہے کہ عمران خان کایابیتی کمپنی سے کیا تعلق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف تین دفعہ پنجاب کے وزیراعلیٰ بنے۔ پنجاب کے لوگوں کیلئے اربوں اور کھربوں کے منصوبے بنائے اور لگائے لیکن کبھی بھی بدترین دشمن بھی ایک بھی کرپشن کا الزام ثابت نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پی کے میں خود تو ایک بھی منصوبہ کاغذ تک پر بھی نہ بنا سکے لیکن اربوں اور کھربوں جھوٹ ضرور بولے ہیں، عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب پر الزام لگا کر پنجاب کے لوگوں بالخصوص ملتان کی عوام کی ترقی کے حق پر حملہ کیا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان سے معافی کی امید تو نہیں لیکن اتنے جھوٹ پکڑے جانے کے بعد امید ہے شرمندگی تو ضرور محسوس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے صوبے میں نہ ڈینگی اور سیلاب پر قابو پا سکے ہیں لیکن پچھلے چار سال جھوٹ بولنے اور یوٹرن لینے میں ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ عمران خان خیبر پختونخوا کے احتساب کمیشن کا تالا کب کھولیں گے۔