برکس اجلاس کا اعلامیہ مسترد کرتے ہیں، ٹرمپ کے بیان کے بعدغیر ضروری خطرے کی گھنٹیاں بجائی جا رہی ہیں وزیرِ دفاع

 
0
605

اسلام آباد،  ستمبر 05،(ٹی این ایس) وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد پاکستان میں غیر ضروری خطرے کی گھنٹیاں بجائی جا رہی ہیں۔ انھوں نے برکس اعلامیہ کو رد کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی محفوظ پناہ  گاہیں افغانستان میں ہیں

 قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خرم دستگیر نے کہا کہ سیاسی لیڈران  اس سلسلہ میں جذباتی بیانات دینے سے گریز کریں اور یہ اطمنان رکھا جائے کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، انھوں نے یقین دلایا ہے کہ عوام خوفزدہ نہ ہوں، ہم ہر صورت اپنے وطن کا دفاع کریں گے، پاکستان کی تینوں مسلح افواج انتہائی مستعدی سے ملکی دفاع پر مامور ہیں۔

 وزیرِ دفاع نے کہا ہے کہ  پاکستان نے  دہشت گردی کی بیخ کنی کے لئے کامیاب آپریشنز کیے جو امریکا، عراق اور افغانستان میں نہ کرسکا مگر عالمی برادری نے آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے تحت کارروائیوں اور کامیابیوں  کو مطلوبہ پذیرائی نہیں بخشی۔  انھوں نے   برکس اجلاس کے اعلامیہ کو مسترد کرتے ہوئے واضع کیا ہے کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناگاہیں پاکستان میں نہیں بلکہ افغانستان میں ہیں، افغانستان کے 407 میں سے صرف 60 اضلاع پر افغان فورسز کا کنٹرول ہے، وزیر دفاع نے کہا کہ بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم داعش سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور امریکا ایک صفحہ پر ہیں۔

وزیر دفاع خرم دستگیر نے بتایا کہ تین دن بعد وزیر خارجہ خواجہ آصف چار اہم ممالک چین، روس، ترکی اور ایران کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ امریکا جائیں گے۔