روہنگیائی مسلمانوں کا قتلِ عام حالیہ تاریخ کا بدترین قتلِ عام ہے ، عالمی برادری فوری اقدامات کرے۔ شہباز شریف

 
0
25871

لاہور، ستمبر 5 (ٹی این ایس)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نےروہنگیائی مسلمانوں کے قتل عام اور  ان پر ڈھائے جا رہے دیگر بد ترین مظالم پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری، مسلم امہ اور اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ وہ ان مظالم کی روک تھام کے لئے   فوری اقدامات کرے اور  میانمار کی حکومت پر دباو  ڈالے۔

اپنے ایک بیان میں انھو ں نے   کہا ہے کہ روہنگیائی مسلمانوں کا قتل عام حالیہ تاریخ کا بدترین  اورمنظم قتل عام ہے اور یہ بات حیرت انگیز ہے کہ عالمی ضمیر اس پر مسلسل خاموش رہنا کیسے گوارا کررہا ہے؟

انھوں نے اس ضمن میں عالمی برادری کیطرف سے  عزم نو کے ساتھ نئی سفارتی کوششیں شروع کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا  تاکہ برمی حکومت کو دستِ ستم روکنے پر مجبور کیا جا سکے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب   نے کہا کہ روہنگیائی مسلمانوں کی حالت زار انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں  کے علا وہ عالمی مذہبی رہنما وں کےلئے بھی ایک امتحان ہے کہ وہ  انسانوں کے قتل عام کے لئے  مذاہب کو استعمال نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ  کوئی مذہب اسکی اجازت نہیں دیتا اور پوری  مہذب دنیا کو کھڑا ہوکر انسانی اقدار اور مذہبی ہم آہنگی کو بچانا ہوگا ۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانی حقوق سب سے مقدم ہیں اور ان کے تحفظ کیلئے ہم  سب کو اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔