حجاج کرام کی واپسی کا عمل کل سے شروع، حج مشاورتی کمیٹی نے امسال کے حج پروگرام کو کامیاب قرار دیا

 
0
417

مہ ، ستمبر 05 (ٹی این ایس) سعودی عرب سے پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل کل سے شروع ہوکراگلے مہینے کی 5تاریخ کو مکمل ہوگا۔کل سے 1945حجاج کرام کی 9 پروازوں کے ذریعے آمد سے آپریشن کا آغاز ہوگا۔

امسال ایک لاکھ اناسی ہزار پاکستانیوں سمیت دنیا کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے بائیس لاکھ تیس ہزار سے زیادہ افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔

دریں اثنا ء مذہبی امور و حج کے وزیر سردار محمد یوسف کی زیر صدارت مکہ مکرمہ میں اپنے ایک اجلاس  منعقد ہوا  جس میں  حج مشاورتی کمیٹی نے رواں سال حج پروگرام کو کامیاب قرار دیا ہے اورحکومت کی جانب سے حجاج کرام کے لئے ٹرانسپورٹ، رہائش اورکھانے کی فراہمی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 ڈائریکٹر جنر ل حج ساجد یوسفانی نے حج انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔سرکاری  میڈیا کے مطابق سردار محمد یوسف نے کہاکہ حجاج کرام کی جانب سے جائز شکایات ملنے کے بعد مشاورتی کمیٹی نے ان 58ہزار پاکستانی حجاج کرام کو فی کس 250 ریال واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے جنہیں ٹرین کا ٹکٹ فراہم نہیں کیا گیا اور انہیں بسوں کے ذریعے سفر کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کو یہ رقم ان کی وطن واپسی سے پہلے ادا کی جائے گی۔