مریم نواز اور بینظیر بھٹو میں زمین آسمان کا فرق ہے: چوہدری نثار

 
0
515

اسلام آباد ستمبر 8 (ٹی این ایس) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بچے ، بچے ہوتے ہیں، بچے غیر سیاسی ہوں تو انہیں لیڈر نہیں مانا جا سکتا ، مریم نواز اور بینظیر بھٹو میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں چوہدری نثار نے دھماکے دار بیان دے کر سیاست میں ایک بار پھر ہلچل مچادی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا اب تک کا کردار نواز شریف کی بیٹی کے طور پر رہا ہے، میرے خیال میں وہ عملی سیاست میں نہیں آئیں۔ بچے ، بچے ہوتے ہیں، بچے جب غیر سیاسی ہوتے ہیں تو انہیں لیڈر کیسے مانا جا سکتا ہے۔مریم نواز جب سیاست میں آئیں گی ، ان کا رول اجاگر ہوگااور پروفائل بنے گا تو پھر اس وقت کے لوگ بہتر فیصلہ کر سکتے ہیں کہ ان میں لیڈر شپ کی صلاحیت ہے یا نہیں۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اکثر لوگ بینظیر بھٹو کی مثال دیتے ہیں لیکن بینظیر اور مریم نواز کے کیس میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ بینظیر بھٹو اپنے والد کی پھانسی کے بعد 11 سال تک فیلڈ میں رہیں اس دوران انہوں نے جیلیں، گرفتاریاں، تنہائی اور جلا وطنی دیکھی، اتنی مشقت کے بعد انہیں پیپلز پارٹی نے لیڈر کے طور پر قبول کیا، اگر مریم نواز میں جذبہ ہے تو پہلے اسے خود کو منوانا ہوگا۔
میزبان سلیم صافی نے سوال کیا ’ چونکہ آپ میاں نواز شریف کی بچی کو اپنی بیٹی سمجھتے ہیں اس لیے آپ اسے قائد کے طور پر قبول نہ کر سکیں، کیا میں یہ اندازہ قائم کرنے میں حق بجانب ہوں ؟‘۔ چوہدر ی نثار نے میزبان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ’ آپ نے درست نتیجہ اخذ کیا ہے‘۔