اسلام آباد (ٹی این ایس): (پ ر: مورخہ 24 مارچ، 2025): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت پیر کے روز سیکٹرز ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز منعقد ہوا. اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے اراکین اور متعلقہ شعبوں کے سینئر افسران نے شرکت کی.
اجلاس میں نئے سیکٹرز کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے کو تفصیلی بریفننگ دی گئی. چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ عید الفطر کے بعد سیکٹر E-12 میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے ساتھ ڈویلپڈ پلاٹس کے مالکان کو مرحلہ وار قبضہ دیا جائے. انہوں نے واضح کیا کہ سیکٹر E-12 کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل اور ڈویلپمنٹ چارجز کی ادائیگی کے بعد مالکان کو پلاٹس کا قبضہ فوری طور پر حوالے کیا جائے.
چیئرمین سی ڈی اے نے تمام نئے سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیکٹر C-14 کے ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ سیکٹر C-14 کا روڈ انفراسٹرکچر کا کام تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکا ہے جبکہ روڈز، ڈرینج، سیورج، سٹریٹ لائٹس سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کو جون تک مکمل کر لیا جائے گا.
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ سیکٹر C-14 میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے آئیسکو نے ڈیمانڈ نوٹس جاری کر دیئے ہیں. چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سیکٹر C-14 کا قبضہ آخری قسط کی ادائیگی سے قبل ہر صورت میں دے دیا جائے.
چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر E-12 میں ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور ممبر اسٹیٹ کو جامع حل پیش کرنے کی ہدایت کی. انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے بعد مذکورہ سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کیا جائے اور تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے.
سیکٹر I-12 کے حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ مرکز سے تمام کوڑا کرکٹ جلد از جلد صاف کیا جائے اور باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کو بھی فوری طور پر مکمل کیا جائے.
اجلاس میں سیکٹر C-15 اور سیکٹر C-16 میں ترقیاتی کاموں کی پیشرفت پر بھی گفتگو کی گئی. چیئرمین سی ڈی اے نے انجینئرنگ اور اسٹیٹ ونگز کو ہدایت کیں کہ وہ تمام رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں.
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وہ مختلف مسائل کے حل کیلئے ذاتی طور پر نئے سیکٹرز کا جلد ہی سرپرائز دورہ کریں گے تاکہ ترقیاتی کاموں کی رفتار کو یقینی بنایا جا سکے.