کراچی (ٹی این ایس) کراچی رکنِ قومی اسمبلی اور خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور کے ہمراہ ڈیفنس میں واقع جاکھرانی ہاؤس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی میر اعجاز حسین جاکھرانی سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا۔ بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور فریال تالپور نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی، ساتھ ہی سوگوار خاندان خصوصاً میر اعجاز جاکھرانی کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان، رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی، اور سعدیہ جاوید بھی موجود تھیں جنہوں نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا بعد ازاں فخر اقوام و ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت میر شفیق احمد خان کوسو بھی جاکھرانی ہاؤس پہنچے اور میر اعجاز حسین جاکھرانی سے ان کی والدہ کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سندھ کے وزیر اطلاعات و مواصلات شرجیل انعام میمن، رکن سندھ اسمبلی میر ممتاز حسین جاکھرانی، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کشمور میر گل محمد خان جاکھرانی سمیت بڑی تعداد میں معتبر شخصیات، معززین اور سیاسی کارکنان نے بھی مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا میں شرکت کی اور خاندان کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا۔
















