اسلام آباد (ٹی این ایس) ملک میں سیلابی صورتحال کے باعث این ایف سی کا کل ہونے والا اجلاس ملتوی

 
0
32

ذرائع کے مطابق اجلاس میں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق سفارشات، ذیلی گروپس کے قیام اور مستقبل کے اجلاسوں کا شیڈول زیر غور آنا تھا جبکہ وفاق اور چاروں صوبے اپنی مالیاتی صورتحال پر بریفنگ دینے والے تھے۔
صدر مملکت کی منظوری سے 22 اگست کو 11ویں قومی مالیاتی کمیشن کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا، جس کے چیئرمین وفاقی وزیر خزانہ ہیں جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ اور نامزد ارکان بھی کمیشن کا حصہ ہیں، تاہم سندھ میں سیلابی صورتحال کے باعث درخواست کی گئی کہ اجلاس موخر کیا جائے۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 160 (1) کے تحت 11واں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کی تشکیل کی تھی۔
وزارت خزانہ میں قائم این ایف سی سیکریٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 11ویں قومی مالیاتی کمیشن 9 ارکان پر مشتمل ہے، وفاقی وزیر خزانہ اس کے چیئرمین جب کہ چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ کمیشن کے ارکان میں شامل ہوں گے۔اسی طرح پنجاب حکومت کے نمائندے سابق بیوروکریٹ ناصر محمود کھوسہ، سندھ سے ماہر معاشیات ڈاکٹر اسد سید، خیبر پختونخوا سے ڈاکٹر مشرف رسول اور بلوچستان سے فرمان اللہ کو کمیشن کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔