اسلام آباد (ٹی این ایس) خیابان کشمیر ون ہاؤسنگ سکیم سیکٹر جی 15 اور ایف 15 زون ٹو اسلام آباد میں عوامی سہولت کے پلاٹس کی غیر قانونی منتقلی کا معاملہ، سی ڈی اے نے سیکرٹری جموں کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا

 
0
32

اسلام آباد (ٹی این ایس) وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) کے ڈائریکٹوریٹ آف ہاؤسنگ سوسائٹیز نے جموں و کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (جے اینڈ کے سی ایچ ایس) کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ یہ نوٹس “خیابانِ کشمیر ہاؤسنگ اسکیم” سیکٹرز جی-15/1 تا جی-15/5، زون-2 اسلام آباد میں عوامی سہولت کے پلاٹس کی غیر قانونی تبدیلی کے معاملے پر جاری کیا گیا۔

سی ڈی اے کے مطابق 25 اپریل 2002 کو منظوری دیے گئے لی آئوٹ پلان کے تحت اسکیم کا رقبہ 3482.62 کنال تھا، جس میں سڑکیں، پارکس، قبرستان اور عوامی عمارتوں کے پلاٹس سی ڈی اے کے نام منتقل کیے گئے تھے۔ تاہم جے اینڈ کے سی ایچ ایس اسکیم کو 6 سال میں مکمل کرنے کی پابند تھی، مگر 21 برس گزرنے کے باوجود اسکیم مکمل نہیں ہو سکی اور نہ ہی ترقیاتی کام مطلوبہ معیار کے مطابق مکمل ہوئے۔

شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹی نے منظور شدہ لی آئوٹ پلان اور انجینئرنگ ڈیزائن کی سنگین خلاف ورزی کی اور عوامی سہولت کے پلاٹس کو رہائشی و کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ تفصیلات کے مطابق:

پارکس کو رہائشی پلاٹس اور لائبریری میں تبدیل کیا گیا۔

پارکس اور کھیل کے میدان کم کر دیے گئے یا زیر زمین و اوور ہیڈ ٹینک کے لیے استعمال کیے گئے۔

قبرستان کی زمین پر قبضے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پرائمری اسکول کی آدھی زمین پر سیپٹک ٹینک بنا دیا گیا۔

کئی پارکس و سہولتی پلاٹس تاحال غیر ترقی یافتہ ہیں۔

سی ڈی اے نے اس معاملے کو “سنگین خلاف ورزی” قرار دیتے ہوئے سوسائٹی سے وضاحت طلب کر لی ہے اور خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی تبدیلیاں منسوخ کی جا سکتی ہیں۔