اسلام آباد (ٹی این ایس) ہیلتھ الاؤنس کی بحالی کی یقین دہانی، فیڈرل ہیلتھ الائنس نے ہڑتال موخر کر دی، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ذمے داری لے لی

 
0
39

اسلام آباد (ٹی این ایس) فیڈرل ہیلتھ الائنس ایمپلائز ویلفیئر آرگنائزیشن کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس پمز اسپتال میں منعقد ہوا، جس میں پمز، پولی کلینک، نیرم، این آئی ایچ، ایف جی ایچ سی ڈی اے، ٹی بی اور ڈی ایچ او آفس کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے شرکت کرتے ہوئے ہیلتھ الاؤنس کی بحالی کی ذمہ داری اپنے اوپر لی اور کہا کہ انشاءاللہ اگلے ہفتے وہ خود کور کمیٹی کے ہمراہ اسٹیٹ منسٹر فنانس سے ملاقات کریں گے اور معاملے کو تکنیکی بنیادوں پر حل کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ صحت میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا ازالہ بھی کیا جائے گا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز نے اس موقع پر ملازمین سے اپیل کی کہ سروسز بحال کریں اور یقین دہانی کرائی کہ وہ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے ساتھ مل کر ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

کور کمیٹی کے چیئرمین کلیم اللہ نے کہا کہ ہیلتھ الاؤنس ملازمین کا بنیادی حق ہے اور اس کی بحالی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کی یقین دہانی پر فی الحال ہڑتال کی کال موخر کرنے کا اعلان کیا۔

صدر فیڈرل ہیلتھ الائنس چوہدری قمر گجر نے کہا کہ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ہمارے بھائی ہیں اور ہم ان پر مکمل اعتماد کرتے ہیں، اسی وجہ سے ان کی درخواست پر ہڑتال موخر کی جا رہی ہے۔

شاہد خٹک، امتیاز خان، اطہر کریم اور دیگر عہدیداران بشمول محمد ارشد، ساجد شاہ، چوہدری حاکم اور ہارون نے کہا کہ ہیلتھ الاؤنس ان کا بنیادی حق ہے اور اس کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اجلاس کے شرکاء نے ہیلتھ منسٹر مصطفیٰ کمال کے رویے کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں وزارتِ صحت میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر معافی مانگنی چاہیے۔

کور کمیٹی نے متفقہ فیصلہ کیا کہ اسلام آباد کے تمام سرکاری اسپتال فی الحال کھلے رہیں گے اور ہڑتال کی کال مؤخر کی جاتی ہے، تاہم اگر ہیلتھ الاؤنس کی بحالی میں کسی بھی مقام پر رکاوٹ پیدا ہوئی تو دوبارہ کسی بھی وقت ہڑتال کی کال دی جا سکتی ہے