کراچی (ٹی این ایس) کراچی سب سوائل واٹر ایسوسی ایشن کے صدر شکیل مہر اور جنرل سیکرٹری اجمل آفریدی نے عہدیداران کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سب سوائل واٹر ایک باقاعدہ لائسنس یافتہ اور کراچی واٹر کارپوریشن سے منظور شدہ نظام ہے جو میٹر کے ذریعے بلنگ ادا کرتا ہے اور باقاعدگی سے ٹیکس بھی ادا کر رہا ہے، اس کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے ایسوسی ایشن کے ممبران کو بلاوجہ تنگ کیا جا رہا ہے اور بورنگ کی مرمت و دیکھ بھال میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ بعض شرپسند عناصر ذاتی مفاد کے لیے سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈا پھیلا کر ہمارے کردار کو داغدار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور بلیک میلنگ میں ملوث ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسوسی ایشن قانون کے مطابق فیکٹریوں کو سب سوائل واٹر لائنز کے ذریعے پانی فراہم کر رہی ہے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے اس کا کوئی تعلق نہیں، جبکہ واٹر کارپوریشن کا اینٹی تھیفٹ سیل ہماری مسلسل مانیٹرنگ کرتا ہے اور غیر قانونی عمل کی صورت میں کارروائی کرتا ہے۔ صدر شکیل مہر نے کہا کہ ہم میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن مرتضی وہاب اور ایم ڈی احمد علی صدیقی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں قانونی دائرے میں لا کر لائسنس فراہم کیے اور اس منصوبے کو ریگولرائز کیا، اسی سلسلے میں ہارون آباد، جہانگیر آباد، لسبیلہ اور دیگر مساجد میں فری سب سوائل واٹر کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ بلیک میل کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ایسوسی ایشن کے ممبران کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ شہریوں کو بلا تعطل پانی کی سہولت میسر رہے۔














