بے نظیر قتل کیس: پیپلز پارٹی نے انسداد دہشت گردی کے فیصلے کے خلاف 3 اپیلیں دائر کردیں

 
0
473

راولپنڈی ستمبر 18(ٹی این ایس): بے نظیر قتل کیس کے فیصلے کے خلاف پیپلز پارٹی نے انسداد دہشت گردی کے فیصلے کے خلاف 3 اپیلیں دائر کردیں۔بے نظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری کی جانب سے لطیف کھوسہ نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں بے نظیر بھٹو قتل کیس کے فیصلے کے خلاف 3 الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں، ایک اپیل پرویز مشرف، دوسری رفاقت حسین اور تیسری اعتزاز شاہ کے خلاف دائر کی گئی ہے۔ اپیلیں جمع کرانے کے بعد لطیف کھوسہ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف نے بینظیر بھٹوکو دھمکیاں دی تھیں ، بے نظیر بھٹو نے اپنی ای میل میں واضح لکھا تھا کہ انہیںپرویز مشرف کی جانب سے جان کا خطرہ ہے اگر مجھے کچھ ہوا تو اس کا ذمہ دار پرویز مشرف ہوگا۔

لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو کی سیکورٹی ختم کردی گئی تھی انہیں پوائنٹ بلینک رینج سے گولی ماری گئی، سیکیورٹی نہ ہونے کے باعث بی بی شہید گولی کا شکار ہوگئیں ،ا نہوں نے کہا کہ جن ملزمان کو بری کیا گیا ہے انہیں سزائے موت دی جائے جب کہ پرویز مشرف کو بھی ان کی عدم موجودگی میں موت کی سزا سنائی جائے۔ لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ ملزمان کو دی جانے والی سزاو¿ں میں سزائے موت کا ذکر ہی نہیں ہے ، بری ہونے والے پانچوں ملزمان کا دوبارہ ٹرائل کای جائے اور انہیں موت کی سزا سنائی جائے اس کے علاوہ پولیس افسر سعود عزیز کو بھی سیکورٹی توڑنے پر سزائے موت سنائی جائے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو قتل کیس میں پولیس افسران سعود عزیز اور خرم شہزادکی اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے ان کی سزاو¿ں کو معطل کردیا تھاجس پر آصف علی زرداری نے فیصلے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں یہ فیصلہ قبول نہیں اور وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔