لاہور 22 ستمبر (ٹی این ایس): پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ وفد پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی لاہور کا دورہ کیا۔وفد میں بنگلہ دیش کی وزارتِ داخلہ اور پولیس کے سینئر افسران، جن میں سینئر سیکریٹری وزارتِ داخلہ بنگلہ دیش نسیم الغنی،ایڈیشنل آئی جی پولیس محمد رضاؤل کریم، ڈپٹی سیکریٹری محمد محبوب الرحمان اور ایڈیشنل ڈپٹی آئی جی پولیس محمد زنناتل حسن سمیت دیگر افسران شامل تھے۔وفدکا استقبال سیف سٹیز اتھارٹی کے سینئر افسران نے کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور وفد کے ارکان نے پنجاب اور بنگلہ دیش کے درمیان دو طرفہ سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ایم ڈی سیف سٹیز محمد احسن یونس اور سی او او مستنصر فیروز نے وفد کو سیف سٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا اور تفصیلی بریفنگ دی۔وفد کو سیف سٹیز کے زیر استعمال جدید ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور سکیورٹی ماڈیولز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔بنگلہ دیشی افسران نے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے لاہور سمیت مختلف شہروں میں مانیٹرنگ کے جدید نظام کا مشاہدہ کیا۔مزید برآں، وفد کو ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کے جدید فیچرز بارے بھی آگاہی دی گئی۔ وفد نے وویمن سیفٹی ایپ، ورچوئل وویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل سنٹر برائے چائلڈ سیفٹی اور ٹریفک مینجمنٹ سسٹم میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
بنگلہ دیشی افسران نے پاکستان کے سیف سٹی پراجیکٹ کو بے حد سراہا، خطے کے لیے مثالی اور رول ماڈل قرار دیا جبکہ ٹیکنالوجی، سیکیورٹی اور ٹریننگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر وفد کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن (NRTC) کے سینئر عہدیداران بھی موجود تھے۔
٭٭٭٭٭
















