لاہور 27 ستمبر (ٹی این ایس): سنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹرز کی ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی کی پروقار تقریب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 23 افسران کو پروموشن رینک لگائے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹر سے ڈی ایس پی عہدے پر ترقی پانے والے 23 افسران کو پروموشن رینک لگانے کی تقریب منعقد ہوئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سینئر افسران کے ہمراہ پروموٹ ہونے والے افسران کو ڈی ایس پی کے رینک لگائے اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں پروموٹ ہونے والے افسران کے والدین، بچوں اور اہلخانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ڈی ایس پیز کا آپریشنل اور انویسٹی گیشن پولیسنگ میں سپروائزری رول اور فیڈ بیک انتہائی اہم ہے۔ رواں سال اب تک انسپکٹر سے ڈی ایس پی کے لیے 04، جبکہ سب انسپکٹر سے انسپکٹر کے لیے 05 پروموشن بورڈ اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جن کے ذریعے 190 افسران کو ڈی ایس پی، 683 انسپکٹرز اور 75 افسران کو سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔ اب تک 599 افسران کو ڈی ایس پیز، 101 کو ایس پیز اور 92 سینئر ٹریفک وارڈنز کو ٹریفک آفیسر کے عہدوں پر ترقی دی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ 3167 سب انسپکٹرز کو انسپکٹر اور 1068 ٹریفک وارڈنز کو سینئر ٹریفک وارڈنز کے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پروموشنز اور ویلفیئر افسران و اہلکاروں کا بنیادی حق ہے جو بروقت دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسران پروموشنز اور ویلفیئر کے جواب میں شہریوں کی بے لوث خدمت اور بے خوف حفاظت کریں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، ایڈوانس انفارمیشن اور بہترین سروس ڈلیوری کے ذریعے انصاف کی باآسانی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ بھرتیوں، پروموشنز اور پوسٹنگز میں شفافیت کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا اور ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
******













