اسلام آباد (ٹی این ایس) نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں صحافیوں کی سہولت کے لیے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے حوالے سے دو روزہ خصوصی سہولت ڈیسک کاانعقادکیا گیا، جس کا افتتاح پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ، نیشنل پریس کلب کے قائم مقام صدر احتشام الحق نے کیا۔یہ سہولت ڈیسک محترمہ تہمینہ عامر، ممبر ٹیکس پیئر سروسز ونگ، ایف بی آر کی خصوصی ہدایت پر قائم کیا گیا، جس میں محمد عارف، ان لینڈ ریونیو آفیسر اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود رہے سہولت ڈیسک کے قیام میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا بھرپور تعاون حاصل رہا، جنہوں نے نہ صرف ماہر افسران تعینات کیے بلکہ صحافیوں کو ٹیکس فائلنگ کے مراحل میں مکمل راہنمائی بھی فراہم کی۔ ایف بی آر کے افسران نے پیشہ ورانہ انداز میں سوالات کے جوابات دیے اور تمام متعلقہ معلومات فوری اور شفاف طریقے سے فراہم کیں، جسے صحافی برادری نے بے حد سراہا۔افضل بٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے اور انہیں قانونی طور پر باخبر رکھنے کے لیے اس قسم کی سہولتیں انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے ایف بی آر کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے انتہائی مثبت رویے اور تعاون کا مظاہرہ کیا۔نیشنل پریس کلب کے قائم مقام صدر احتشام الحق اور آر آئی یو جے کے سینئر نائب صدر بشیر عثمانی نے بھی ایف بی آر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوگا بلکہ صحافیوں میں مالیاتی آگاہی بھی بڑھے گی۔دو دن تک جاری رہنے والی اس سہولت سے بڑی تعداد میں صحافیوں نے فائدہ اٹھایا اور اسے خوش آئند اقدام قرار دیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے سہولت ڈیسک مستقبل میں بھی باقاعدگی سے لگنے چاہییں تاکہ صحافی برادری کو بروقت معاونت میسر آ سکے













