مسلہ کشمیر پر او آی سی کا بیان باعث اطمنان، مسئلہ کشمیر، فلسطین، یمن، شام، قطر، افغانستان اور روہنگیائی مسلمانوں کے قتل عام کے حوالے سے ایک مشترکہ لائحہ عمل وضع کیاجائے۔ سید علی گیلانی

 
0
627

سرینگر،ستمبر19 (ٹی این ایس): مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے دیے گئے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ برادر اسلامی ممالک کا یہ عظیم ادارہ موجودہ دور میں عالم اسلام اور عالمِ انسانیت کو درپیش سخت ترین چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے وسائل کو بروئے کار لائے گا۔

 سرینگر سے جاری  اپنے ایک بیان میں سید علی گیلانی نے  کہا کہ عالم اسلام کے اس عظیم ادارے کو اسلام کے آفاقی پیغام کا آئینہ دار ہونا چاہیے جس میں عدل وانصاف کو ہر قیمت پر روا رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔ آزادی پسند رہنما نے تنظیم کو بین الاقوامی سیاست میں اپنا فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں مسئلہ کشمیر، فلسطین، یمن، شام، قطر، افغانستان اور روہنگیائی مسلمانوں کے قتل عام کے حوالے سے ایک مشترکہ لائحہ عمل وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ حریت چئیرمین نے بھارتی حکومت کی طرف سے تنظیم کے بیان پر بے جا تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تاریخی حقائق سے دانستہ چشم پوشی کررہا ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کے اختیار کردہ موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے تمام رکن ممالک کومظلوم کشمیری عوام کی مکمل حمایت جاری رکھتے ہوئے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور قتل وغارت کے خلاف اپنی صدائے احتجاج کو عالمی ایوانوں میں بلند کرنا چاہیے اور بھارت کے ارباب اقتدار پر اپنا سفارتی اور سیاسی دباؤ بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے تنظیم کے تمام رکن ممالک سے اپیل کی کہ وہ عالمِ اسلام کے اندرونی انتشار کو ختم کریں اور کشمیر اور فلسطین جیسے سیاسی تنازعات کو حل کرانے کے لیے ایک مشترکہ قرارداد منظور کرکے اقوامِ متحدہ میں پیش کریں۔

سید علی گیلانی نے کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ میاں عبدالقیوم کے خلاف بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے لگائے گئے من گھڑت اور بے بنیاد الزامات کو واپس لینے کے حوالے سے وکلاء برادری کے اتحادواتفاق کو قابل تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی طرح سے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی انجمنوں کو این آئی اے کی ریشہ دوانیوں کے خلاف منظم ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ان کے مکروہ عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔
دریں اثناء سید علی گیلانی نے رواں جدوجہد آزادی میںاولین شہداء میں شامل اعجاز احمد ڈار کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں صف اول کا ایک عظیم مجاہد قرار دیا جنہوں نے اپنے گرم گرم لہو سے تحریک آزادی کی آبیاری کی۔ انہوں نے شہید اعجاز احمد ڈار کے علیل والد غلام محمد ڈار کی جلد صحت یابی کے لیے دُعا کی۔