اسلام آباد (ٹی این ایس) اسلام آباد نے دوسری یس ویمن ٹی 10 لیگ کا ٹائٹل جیت لیا۔

 
0
17

اسلام آباد (ٹی این ایس): اسلام آباد نے دوسری یس ویمن ٹی 10 لیگ کا ٹائٹل جیت لیا یس ویمن ٹی 10 لیگ میں اسلام آباد نے راول روڈ کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے سنسنی خیز فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن راولپنڈی کو 16 رنز سے شکست دے کر فتح حاصل کی۔
یوتھ ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس (YES) ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام ٹورنامنٹ میں راولپنڈی، اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کی چھ ٹیموں نے لیگ کے دوران اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ فائنل میں راولپنڈی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور اسلام آباد کو بیٹنگ کی اجازت دی۔ اسلام آباد نے اپنے 10 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز بنائے۔ ماہم انیس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 57 رنز بنائے، عائشہ عاشق نے 10 رنز بنائے راولپنڈی کی جانب سے ماہم نزاکت، حمنہ بلال اور کرن ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں راولپنڈی کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 5 وکٹوں کے نقصان پر صرف 68 رنز بنا سکی۔ راولپنڈی کی جانب سے حمنہ بلال 53 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہیں۔ اسلام آباد کی جانب سے تانیہ سعید نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 جبکہ لائبہ منصور اور لائبہ ناصر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایوارڈز کی تقریب میں مہمان خصوصی راولپنڈی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین اور پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن،اشرف قریشی، اے ایف ایل پاکستان کے سیکرٹری جنرل چوہدری ذوالفقار، یس کے صدر زاہد اعوان، سابق ٹیسٹ کرکٹر نوید قریشی، عرفان بھٹی، عرفان خان اور مشفق حسین نے شرکت کی۔
ماہم انیس کو تین میچوں میں 151 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کی ٹاپ سکورر قرار دیا گیا جب کہ تانیہ سعید کو 3 وکٹوں کے ساتھ بہترین باؤلر قرار دیا گیا۔ حمنہ بلال کو شاندار کارکردگی پر بہترین آل راؤنڈر کا ایوارڈ ملا، انہوں نے 131 رنز بنائے اور 2 وکٹیں لیں۔ یہ فتح اسلام آباد کی ٹیم کے لیے ایک اہم کامیابی ہے، جس نے لیگ کی تاریخ میں اپنی جگہ مضبوط کر لی ہے۔