کراچی (ٹی این ایس) کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز (کی آئی ایچ ڈی) نے دنیا بھر کی طرح ورلڈ ہارٹ ڈے 2025 کو نہایت جوش و جذبے سے منایا، جس کا عنوان تھا “ڈونٹ مس آ بیٹ”۔ اس موقع پر دل کی بیماریوں سے بچاؤ، بروقت تشخیص، اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں ملک بھر کے نامور ماہرینِ امراضِ قلب، طبی ماہرین، طلبہ، اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر رفعت سلطانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر دل کی دھڑکن قیمتی ہے، اور اگر ہم باقاعدہ معائنہ، متوازن غذا، اور صحت مند طرزِ زندگی کو اپنائیں تو دل کی بیماریوں کے خطرات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ ادارے کی جانب سے عوامی آگاہی کے لیے خصوصی لیکچرز، سوال و جواب سیشن، اور معلوماتی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر عملے، طلبہ اور کمیونٹی اراکین نے دل کی شکل میں انسانی زنجیر بنا کر دل کے امراض کے خلاف یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ممتاز ماہرینِ امراضِ قلب پروفیسر منصور احمد، پروفیسر نواز لاشاری، پروفیسر عبدالراشد، پروفیسر پیر شیراز، پروفیسر زیرک جرار، پروفیسر عامر حمید، پروفیسر کلیم اللہ شیخ، پروفیسر طارق اشرف، پروفیسر سلطانہ حبیب، پروفیسر خالدہ سومرو، پروفیسر علیہ کمال احسن، پروفیسر عبدالصمد، پروفیسر محمد اسحاق، پروفیسر نجمہ پٹیل، پروفیسر مسیح الزمان، پروفیسر اصل خان ترین، پروفیسر ایس ایم آفاق، پروفیسر فیصل میمن، پروفیسر شاہد احمد، پروفیسر اسداللہ حسینی، پروفیسر عارف الرحمن، پروفیسر ارشد اور پروفیسر نوشین فاطمہ نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ادارے کی جانب سے سوشل میڈیا مہم اور تعلیمی اداروں میں آگاہی پروگرام بھی چلائے گئے۔ کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز نے عزم کیا کہ وہ عوامی صحت کے فروغ اور عالمی معیار کی کارڈیک کیئر خدمات کی فراہمی میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔

















