راولپنڈی (ٹی این ایس) راولپنڈی یومِ اقبال سیمینار 2025 زیرِ اہتمام: آل پاکستان میڈیا کونسل راولپنڈی اسلام آباد کے سنگم پنجاب آرٹس کونسل میں انعقاد پذیر ہوا
یومِ اقبال سیمینار 2025 آج راولپنڈی آرٹس کونسل میں ایک پُروقار اور فکری انداز میں منعقد ہوا۔ تقریب میں مہمان خصوصی وزیر ٹرانسپورٹ آزاد کشمیر جاوید بٹ ، صدر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ طارق علی ورک ، عابد عباسی ، صدر اے پی ایم سی سردار خرم خان ، سماجی شخصیت سبطین رضا لودھی ، خالد آفتاب سلہری پریزیڈنٹ آئی ایچ آر او ، چئیرمن نیشنل پیس کونسل آف پاکستان محمد وحید راجہ ، چئیرمن ایم وائے ویلنئٹر یسین سیفی ، سینئر اینکر پرسن قانون دان طارق راجپوت جرال ، صدر کیپیٹل جرنلسٹ ایسوسی ایشن وقار حیدر چوہان ، ملک عمران خان اعوان ، وائس چیئرمین نیو پاکستان ذندہ باد موومنٹ چوہدری غضنفر و دیگر قومی و سماجی شخصیات، ممتاز صحافیوں، دانشوروں، اور نوجوان رہنماؤں نے شرکت کی۔
یہ تقریب نہ صرف ایک فکری نشست تھی بلکہ اقبالؒ کے پیغامِ خودی، اتحاد، اور فکری بیداری کی نئی تشریح کے طور پر سامنے آئی۔
یہ سیمینار اس امر کا جیتا جاگتا ثبوت تھا کہ علامہ محمد اقبالؒ کا فلسفہ صرف ماضی کا ورثہ نہیں بلکہ آج کے پاکستان کی فکری اور نظریاتی بنیاد بھی ہے۔ ان کے خیالات آج بھی نوجوان نسل کے لیے رہنمائی اور امید کی کرن ہیں، اور مستقبل میں بھی قومی شعور کی تعمیر میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
مقررین نے اپنے خطابات میں اقبالؒ کے اس پیغام پر زور دیا کہ قوموں کی ترقی اُن کے نوجوانوں کے حوصلے، علم، اور کردار میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان اگر اقبالؒ کے فلسفہ خودی، عشق اور عمل کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں تو پاکستان اپنی فکری اور اخلاقی سربلندی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔
تقریب کے دوران صدر سردار خرم نے کہا کہ اقبالؒ کی سوچ سرحدوں سے بالاتر ہے۔ اُن کی فکر نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کو اتحاد، خودی اور کردار کی بلندی کی تعلیم دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار دراصل اُس فکری ربط کی علامت ہے جو آزاد کشمیر اور پاکستان کو ایک فکری زنجیر میں پروئے رکھتا ہے۔
قُرۃ العین علی خواجہ، جو ایک معروف صحافی، محقق اور بین الاقوامی سطح پر سماجی خدمات انجام دینے والی شخصیت ہیں، کو اس سال پرائیڈ آف پاکستان ایوارڈ 2025 سے نوازا گیا۔ سینئر صحافی برادری نے آل پا کستان میڈیا کونسل کے توسط سے ان کی پیشہ ورانہ خدمات اور میڈیا کے شعبے میں خواتین کی رہنمائی کے جذبے کو سراہا۔
بعد ازاں، مہمانِ خصوصی نے چیئرمین، صدر کے ہمراہ آل پاکستان میڈیا کونسل کے نئے ممبران کو اسناد پیش کیں:
انجینئر عبداللہ – سماجی کارکن
محترمہ ہادیہ شبیر – بینکار و سماجی کارکن
محترمہ اسماء راجہ – کلینیکل ماہرِ نفسیات و انفارمیشن سیکریٹری، انصاف وومن وِنگ اسلام آباد
ڈاکٹر آصف نبی – چیئرمین بصری فاؤنڈیشن و اسپتال، سماجی کارکن
ڈاکٹر عبداللہ – چیئرمین سول سوسائٹی نیٹ ورک، سماجی کارکن
محترم احمد خالد – وکیل و رکن ہیومن رائٹس آبزرور
نئے ممبران نے اپنے تاثرات میں اقبالؒ کے وژن سے اپنی فکری وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کے اجتماعی شعور، اخلاقی ترقی، اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔
تقریب کے اختتام پر چیئرمین نے اپنے تاثرات میں کہا کہ “یہ سیمینار اس بات کا پیغام ہے کہ اقبالؒ ہمیشہ پاکستانی قوم کی زندگی، سوچ اور سمت میں زندہ رہیں گے۔ اُن کا مشن آج کے نوجوانوں کے ہاتھوں میں منتقل ہو چکا ہے، جو اس فکر کو مزید آگے بڑھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔”
آخر میں شرکاء کے اعزاز میں ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا، جس میں سینئر صحافیوں، مہمانانِ خصوصی اور نوجوان اراکین نے باہمی تبادلۂ خیال کیا اور مستقبل میں باہمی تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
یومِ اقبال سیمینار 2025 ایک فکری، روحانی اور قومی یکجہتی کا مظہر ثابت ہوا جو یہ یقین دلاتا ہے کہ اقبالؒ کا وژن آج بھی زندہ ہے، پروان چڑھ رہا ہے، اور نوجوان نسل کے دلوں میں عمل و یقین کی نئی روح پیدا کر رہا ہے۔













