رحیم یارخان (ٹی این ایس) حلقہ این اے172 سے ایم این اے کے امیدوار چوہدری عادل باجوہ نے کہا ہے کہ کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت سوچ پیدا کرتے ہیں اور یہی اوصاف ایک کامیاب قوم کی پہچان ہیں نوجوان ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں انہیں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے کھیلوں کے میدان آباد رکھنے چاہئیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پنجاب کرکٹ کپ 2025ء کے سلسلے میں ہونے والے کرکٹ میچ میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مقامی کھلاڑیوں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ چوہدری عادل باجوہ نے کہا کہ وہ اگر عوام کے اعتماد سے کامیاب ہوئے تو اپنے حلقے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے جدید اسپورٹس کمپلیکسز، کرکٹ اکیڈمیز اور گراونڈز کے قیام کو ترجیح دیں گے نوجوانوں کو صرف سیاست یا نوکری تک محدود نہ رہنا چاہیے بلکہ کھیلوں میں آگے بڑھ کر ملک کا نام روشن کرنا چاہیے انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کے ذریعے نوجوان منفی سرگرمیوں سے دور رہ سکتے ہیں اور صحت مند معاشرہ تشکیل دینے میں کھیل اہم کردار ادا کرتے ہیں پنجاب کپ جیسے ٹورنامنٹس اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہمارا نوجوان طبقہ باصلاحیت اور محنتی ہے میچ کے اختتام پر نوجوان کھلاڑیوں نے چوہدری عادل باجوہ کو اپنی پسندیدہ سیاسی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوانوں کی آواز بن کر ان کے مسائل حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں تقریب کے آخر میں چوہدری عادل باجوہ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے مقابلے تسلسل کے ساتھ منعقد کیے جاتے رہیں گے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مزید مواقع مل سکیں۔
رحیم یارخان:حلقہ این اے172 سے ایم این اے کے امیدوار چوہدری عادل باجوہ پنجاب کرکٹ کپ2025ء کے میچ میں بطورمہمان خصوصی کھلاڑیوں سے ملاقات جبکہ دوسری جانب میچ دیکھ رہے ہیں













