کراچی (ٹی این ایس) کراچی منگھوپیر ٹاؤن کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے آج فور کے سے عبداللہ موڑ تک جاری روڈ کارپٹنگ منصوبے کے پہلے فیز کی تکمیل کے بعد خود سڑک کا تفصیلی معائنہ کیا۔ یہ اہم ترقیاتی کام پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جدید انجینئرنگ اصولوں کے مطابق کیا جا رہا ہے، اور اس کا بنیادی مقصد منگھوپیر کے عوام کو معیاری، پائیدار، محفوظ اور سہلِ آمدورفت سہولیات مہیا کرنا ہے۔ چیئرمین نے موقع پر کارپٹنگ کے عمل، سب بیس، بٹومن کے معیار، لیئرز کی موٹائی، روڈ کمپیکشن اور استعمال ہونے والے مٹیریل کی کوالٹی کا تفصیلی جائزہ خود لیا اور متعلقہ انجینئرز و ٹھیکیداروں سے تکنیکی بریفنگ حاصل کی چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے معائنے کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی ترقی محض دعوے نہیں بلکہ مستقل عملی اقدامات سے قابلِ مشاہدہ ہے۔ ان کے بقول: “ہم اپنے ٹاؤن کے ہر منصوبے کی ذاتی نگرانی کرتے ہیں۔ میں نے آج مٹیریل کو براہِ راست چیک کیا اور اسی معیار کے تحت ہر فیز کی جانچ اور منظوری دی جائے گی۔ اس روڈ کا مقصد صرف آسفالت بچھانا نہیں بلکہ ایک ایسا روٹ تعمیر کرنا ہے جو برسوں تک مضبوط، محفوظ اور قابلِ استعمال رہے۔ ہمارے بچے، بزرگ، خواتین اور نوجوان روزانہ انہی راستوں سے گزرتے ہیں، اس لیے ناقص معیار کسی طور قابلِ قبول نہیں۔چیئرمین نے کہا کہ انتظامیہ ہر منصوبے میں سخت کوالٹی کنٹرول، مواد کی جانچ اور فیلڈ ٹیسٹنگ کو لازمی قرار دیتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں کی منظوری صرف ٹیسٹنگ اور تکنیکی معیارات پر پورا اترنے کے بعد دی جائے گی تاکہ مستقبل میں ٹوٹ پھوٹ اور دوبارہ مرمت کا چکر ختم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی کام کی نگرانی میں حصہ لیں اور کسی بھی قسم کی خامی یا توقع سے کم معیار کی اطلاع فوراً متعلقہ حکام کو دیں حاجی نواز علی بروہی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ پہلی فیز کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد دوسرے فیز کا آغاز کل سے کیا جا رہا ہے اور انشاء اللہ چند ہی ہفتوں میں پورا روٹ عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ علاقائی ٹریفک کی روانی بہتر کرے گا، آمدورفت کے اوقات کو کم کرے گا اور مقامی کاروباروں کو فروغ دے گا جس سے علاقے کی معیشت میں واضح بہتری آئے گی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں جاری ترقیاتی سرگرمیاں مجموعی منصوبہ بندی کا حصہ ہیں جن کا ہدف رہائشی معیار زندگی کو بہتر بنانا، ٹریفک کے نظام کو منظم کرنا اور پبلک سیفٹی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں، انجینئرنگ ٹیموں اور نجی پارٹنرز کا شکریہ ادا کیا جن کی بدولت یہ کام مقررہ معیارات اور وقت کے اندر جاری ہے دورے کے موقع پر وائس چیئرمین رانا محمد عارف یو سی چیئرمین قادر بروہی، مختلف یوسیز کے چیئرمین و وائس چیئرمین، علاقہ معززین، ٹاؤن افسران، انجینئرز اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔ تمام شرکاء نے چیئرمین کی ذاتی نگرانی، معیار پسندی اور تیزی سے جاری ترقیاتی کام کو سراہا۔ عوامی نمائندوں اور مقامی باشندگان نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اسی عزم اور تسلسل کے ساتھ منگھوپیر جلد ہی شہر کے ترقی یافتہ اور مثالی ٹاؤنز میں شمار ہوگا۔
چیئرمین نے صحافیوں اور عوام کو یقین دلایا کہ منگھوپیر کو ماڈل ٹاؤن بنانے کا ویژن انہی اصولوں پر عمل پیرا رہ کر پورا کیا جائے گا۔ ان کے الفاظ میں: “میرا وعدہ ہے کہ منگھوپیر ٹاؤن کو کراچی کا مثالی ماڈل ٹاؤن بنا کر ہی رہوں گا۔ جب تک مطلوبہ معیار اور سہولیات قائم نہیں ہوتیں، میں چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ یہ میرا فرض اور ذمہ داری دونوں ہے۔مزید برآں، ٹاؤن انتظامیہ نے اہلِ علاقہ کے تعاون اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مستقبل قریب میں عوامی مشاورتی اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا تاکہ منصوبے کی پیش رفت، کوالٹی کنٹرول رپورٹس اور آئندہ شیڈول عوام کے سامنے تفصیل سے رکھے جائیں۔ اس سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ عوامی فیڈبیک کے ذریعے منصوبوں میں درکار اصلاحات بھی بروقت کی جا سکیں گی













