کراچی (ٹی این ایس) کراچی نیو میانوالی کالونی یوسی 14 شدید پسماندگی، ٹریفک بے ترتیبی، تجاوزات اور سیوریج کی خراب صورتحال کا مرکز بن گئی ہے۔ یہ علاقہ پورے یوسی کا کاروباری مرکز ہے جہاں روزانہ سیکڑوں شہری خریداری کے لیے آتے ہیں۔ اسی چوک میں جامع مسجد محمدی بھی واقع ہے جو علاقے کی اہم شناخت ہے، مگر اس کے باوجود علاقہ مکمل طور پر انتظامی غفلت کی نذر ہو چکا ہے چوک اور اطراف میں ٹریفک کا کوئی نظام موجود نہیں۔ رکشے، ریڑھیاں اور اسٹال جہاں چاہیں کھڑے کر دیے جاتے ہیں۔ صفائی ستھرائی کا نظام مسلسل ناکام ہے جس سے شہریوں کو شدید تکلیف کا سامنا ہے علاقے کا سب سے بڑا مسئلہ سیوریج نالے کا بند ہونا ہے۔ کوائری کالونی، اقبال نگر، بنارسی محلہ، اعوان کالونی، حسن زئی محلہ اور گلگتی محلہ سمیت ہزاروں گھروں کا سیوریج اسی نالے سے گزرتا ہے۔ نالے پر قائم تجاوزات اور انتظامیہ کی مسلسل غفلت نے پانی کے بہاؤ کو روک دیا ہے۔ نتیجے میں چوک گندگی، تعفن اور گندگی کے پانی میں ڈوب جاتا ہے مدارس و اسکولوں کے طلبہ، مسجد کے نمازی، جنازوں میں شریک افراد اور روزمرہ خریداری کرنے والے شہری شدید اذیت کا شکار ہیں علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام فوری ایکشن لیں، تجاوزات ختم کریں، نالے کی مکمل صفائی کرائیں اور ٹریفک و صفائی کے نظام کو بحال کریں تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔

















