اسلام آباد: (پ ر: مورخہ 18 اکتوبر، 2025)(ٹی این ایس): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت منگل کے روز ایک اہم اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ جسمیں ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور ڈائریکٹر آئی سی ٹی رابعہ اورنگزیب سمیت سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران جبکہ پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی (PLRA) کے ڈی جی اور انکی ٹیم نے بزریعہ زوم ویڈیو لنک شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ آئی سی ٹی حدود میں 24 موضع جات کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ 11 موضع جات پر تیزی سے کام جاری ہے جنکو جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے کے اسٹیٹ ونگ کے تمام ریکارڈ کی سکینگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ بلڈنگ کنٹرول کے ریکارڈ کی سکینگ جاری ہے۔ ریکارڈ کی سکینگ کے بعد ریکارڈ کی باقاعدہ ڈیجیٹائزیشن کے عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ اسی طرح شہریوں کی آسانی اور اپنے لینڈ ریکارڈ کی رسائی کیلئے موبائل ایپ بھی تیار کی جارہی ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے تمام ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے اور جلد مکمل کرنے کیلئے ورکنگ گروپ بنانے کی ہدایت کی جو نہ صرف ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو تیز کرے گا بلکہ اس عمل میں حائل تمام مسائل کو بھی حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
اجلاس میں اسلام آباد میں ای-اسٹیمپ کے اجراء کے حوالے سے بتایا گیا کہ آئی سی ٹی اور پنجاب لینڈ اینڈ ریکارڈز اتھارٹی (PLRA) کے مابین ایک معاہدے کیا گیا ہے جسکے تحت آئی سی ٹی میں ای-اسٹامپ پیپر کے نظام کی ٹیسٹنگ جاری ہے۔ اور اسکو ون لنک سسٹم کے ساتھ بھی منسلک کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے وژن کے مطابق ای-اسٹیمپ پیپر کے نظام کو ون لنک سسٹم سے منسلک کرنے سے اسلام آباد شہر میں کیش لیس اکانومی کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
چئیرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ان اقدامات سے سی ڈی اے کے لینڈ ریکارڈ کو جدید خطوط پر ڈیجیٹائزیشن کرنے کیساتھ ساتھ عوام کو اپنی پراپرٹیز کے ٹرانسفر، انتقال، خرید و فروخت کرنے کے سلسلہ میں مشکلات کو حل کرنے کیساتھ شفافیت اور اسکے ساتھ ریکارڈ کو محفوظ بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کی کارکردگی اور سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔













