محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کیلئے اہل تشیع اور اہل سنت والجماعت کے عمائدین کافوج کے ساتھ مشترکہ جرگہ، بھرپور تعاون کی یقین دہانی

 
0
414

پارا چنار،ستمبر 20 (ٹی این ایس): جامع مسجد پاراچنار میں اہل تشیع اور اہل سنت والجماعت کے عمائدین کا پاک فوج کے بریگیڈیئر علیم اختر کے ہمراہ ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں کرم ایجنسی میں محرم الحرام کے آمد کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے اور محرم الحرام کے تمام مجالس اور جلوسوں کے پر امن انعقاد کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

 اس موقع پر اپنے خطاب میں بریگیڈئیر علیم اختر نے کہا کہ پاک فوج علاقے میں امن کیلئے کوشش کررہی ہے اور انشاء اللہ جلد علاقے سے شرپسندی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ بریگیڈیئر علیم اختر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی مزید سخت کی جائے گی اور پاک افغان بارڈر پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ملک دشمن عناصر کے خلاف پاک فوج کے ساتھ تعاون کریں اس موقع پر اہل تشیع اور اہل سنت والجماعت کے عمائدین نے پاک فوج کے بریگیڈیئر علیم اختر اور پولیٹیکل ایجنٹ محمد بصیر کو ایجنسی میں امن امان برقرار رکھنے کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دھانی کرائی۔اس سے قبل قبائلی عمائدین نے بریگیڈیئر علیم اختر اور پولیٹیکل حکام کے ہمراہ امن واک بھی کیا۔