اسلام آباد (ٹی این ایس) پاکستان کی اصل بنیاد اس کے چھوٹے شہروں اور پسماندہ علاقوں میں ہے، یوسف رضا گیلانی

 
0
14

اسلام آباد (ٹی این ایس) چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی اصل بنیاد اس کے چھوٹے شہروں اور پسماندہ علاقوں میں ہے،جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر کے پسماندہ اور چھوٹے علاقوں کی تعمیر و ترقی میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتا رہوں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں نجی ایئر لائن کے آغاز کے اعلان کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ میرے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے کہ آج میں نجی ایئر لائن کے آغاز کے اعلان کے اہم موقع پر آپ کے درمیان موجود ہوں، میں نجی ایئر لائن کی پوری قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،جنہوں نے اس بامقصد تقریب میں مجھے مدعو کیا۔انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب صرف ایک نئی ایئر لائن کے آغاز کا اعلان نہیں بلکہ پاکستان میں علاقائی رابطوں، معاشی شمولیت اور بہتر سفری سہولتوں کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔چیئرمین سینٹ نے کہا کہ نجی ایئر لائن (ساؤتھ ایئر )کا قیام اس بات کا اظہار ہے کہ جہاں دور اندیشی موجود ہو، وہاں ترقی کی راہ ضرور ہموار ہوتی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چھوٹے شہروں اور دور دراز علاقوں تک بہتر رسائی پاکستان کی دیرینہ ضرورت تھی اور مجھے خوشی ہے کہ نجی ایئر لائن کا یہ منصوبہ اس خلا کو پر کرنے کے لیے ایک ٹھوس قدم ثابت ہو گا۔سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ میرے سیاسی سفر میں،چاہے وہ بطور رکن پارلیمنٹ ہو، اسپیکر قومی اسمبلی،وزیراعظم یا آج چیئرمین سینیٹ کے طور پر ہو،ایک بات میں نے ہمیشہ محسوس کی ہے کہ پاکستان کی اصل بنیاد اس کے چھوٹے شہروں اور پسماندہ علاقوں میں ہے،جنوبی پنجاب، اندرونِ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے وہ خطے جو برسوں سے ترقی کے منتظر رہے، آج نجی ایئر لائن کے اس منصوبے سے ملکی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل ہو رہے ہیں،ساؤتھ ایئر اس عمل کو مزید مضبوط بنائے گی اور عوام، کاروبار، تعلیم، صحت اور خدمات تک رسائی کو بہتر بنا کر قومی یکجہتی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ملتان ہمیشہ میرے دل کے قریب رہا ہے، یہ شہر صرف جنوبی پنجاب کا مرکز نہیں بلکہ تہذیب، محبت اور خدمت کا مقام ہے، یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ اپنی محنت اور خلوص سے ثابت کیا ہے کہ اگر مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ خطہ ملک کا روشن مستقبل بن سکتا ہے،ملتان سے ساؤتھ ایئر کا آغاز اس اعتماد کا مظہر ہے کہ ملتان اور جنوبی پنجاب آگے بڑھنے کے لئے تیار ہیں اور اپنی ترقی کی سمت خود متعین کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس او ایس گروپ کنور طارق کی خدمات کو سراہتا ہوں جنہوں نے اپنے ویژن اور قیادت سے ایک چیلنجنگ منصوبے کو عملی جامہ پہنایا،اسی طرح سی ای او نجی ایئر لائن نشاط فاطمہ کی سربراہی اس ملک کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے،یہ نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے کہ کسی فضائی کمپنی کی پہلی مرتبہ قیادت ایک خاتون کے پاس ہے،ان کی پیشہ ورانہ قابلیت اور انتظامی بصیرت اس منصوبے کی مضبوط بنیاد ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چیف آپریٹنگ آفیسر ساؤتھ ایئر ریٹائرڈ ایئر وائس مارشل اعجاز محمود ملک کے کردار کو بھی تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی وسیع تجربے سے اس منصوبے کو قابلِ اعتبار سمت دی،ایس او ایس گروپ کے تمام ملازمین اور کارکنان کا کردار بھی قابلِ تعریف ہے جنہوں نے اس خواب کی تکمیل میں اہم حصہ ڈالا،مجھے خوشی ہے کہ ساؤتھ ایئر کی پہلی پرواز بہت جلد کراچی سے اڑان بھر کر ملتان پہنچے گی اور پھر آہستہ آہستہ ملک کے دیگر حصوں تک فضائی رابطے مضبوط کرے گی،یہ پیش رفت پاکستان کے داخلی روابط، معاشی سرگرمیوں اور عوامی سہولتوں میں مثبت تبدیلی لائے گی۔چیئرمین سینٹ نے کہا کہ میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھرکے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی ترقی، خوشحالی اور بہتری کے لیے میری کاوشیں ہمیشہ جاری رہیں گی،یہاں کے لوگوں نے ہمیشہ مجھے محبت اور اعتماد دیا ہے اور میں دل سے چاہتا ہوں کہ جنوبی پنجاب ترقی، روزگار اور مواقع کے ایک نئے دور میں داخل ہو،میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ ساؤتھ ایئر کا یہ سفر کامیاب ہو، اس کی ہر پرواز محفوظ ہو اور یہ ادارہ ملک کی خدمت اور عوام کی سہولت کا ذریعہ بنے، اللہ ہم سب کو پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کی توفیق عطا کرے۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے امور کشمیر رانا قاسم نون،سابق سینٹر ثنا جمالی،سابق ممبر صوبائی اسمبلی سید احمد مجتبیٰ گیلانی،ممبر قومی اسمبلی عامر ڈوگر ،معروف اداکارہ فریال گوہر ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس او ایس گروپ کنور طارق،کنور شاہد ،سی ای او ساؤتھ ایئر نشاط فاطمہ ،چیف آپریٹنگ آفیسر ساؤتھ ایئر (ر)ایئر وائس مارشل اعجاز محمود ملک، صدر چیمبر آف کامرس ملتان بختاور تنویر شیخ سمیت دیگر سیاسی ،سماجی اور کاروباری شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔