اسلام آباد (ٹی این ایس) سی ڈی اے نے ضابطہ خلاف ورزیوں پر بحریہ ٹاؤن کے خلاف باضابطہ کارروائی شروع کر دی

 
0
7

اسلام آباد (ٹی این ایس) وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے بحریہ ٹاؤن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو سرکاری زمینوں کی منتقلی سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی پر باضابطہ شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

جاری نوٹس کے مطابق سی ڈی اے نے موقف اختیار کیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن زون 2، 4 اور 5 میں واقع ہاؤسنگ و کمرشل اسکیموں کے اندر پارکس، قبرستان، سڑکوں، سرکاری عمارتوں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مختص زمین کو اتھارٹی کے نام منتقل کرنا لازمی ہے۔سی ڈی اے نے قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام سڑکیں اور عوامی سہولیات کے لیے مختص زمین اتھارٹی کی ملکیت ہوتی ہے۔پارکس، قبرستان، اوپن اسپیسز اور رائٹ آف وے کی زمین کو منصوبے کی منظوری کے 45 دن کے اندر سی ڈی اے کے نام منتقل کرنا لازم ہے۔

نوٹس میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ پبلک بلڈنگز میں اسپتال، ڈسپنسری، پوسٹ آفس، پولیس اسٹیشن، ٹاؤن ہال، لائبریری اور کلب جیسی عمارتیں شامل ہیں، جنہیں قواعد کے مطابق سی ڈی اے کے نام منتقل کیا جانا ضروری ہے۔اتھارٹی نے بحریہ ٹاؤن سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ضروری زمین اور اثاثے قواعد کے مطابق منتقل نہیں کیے گئے، تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔مزید کارروائی بحریہ ٹاؤن کی جواب دہی پر منحصر ہوگی۔