رحیم یارخان (ٹی این ایس) ڈی ایس پی ٹریفک محمد ساجد کی قیادت میں رحیم یار خان کا ٹریفک نظام بہتری کی جانب گامزن
رحیم یار خان میں ڈی ایس پی ٹریفک محمد ساجد کی تعیناتی کے بعد ٹریفک نظام ایک منظم اور بہتر سمت میں رواں دواں نظر آ رہا ہے۔ اگرچہ کسی بھی محکمے میں مکمل بہتری میں وقت درکار ہوتا ہے، تاہم موجودہ نظام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ٹریفک پولیس کی مجموعی کارکردگی بہتر ہو رہی ہے اور کوتاہیوں کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
ڈی ایس پی ٹریفک محمد ساجد نے واضح پالیسی اپنائی ہے کہ اگر ٹریفک پولیس کے کسی اہلکار سے شہریوں کے ساتھ بدسلوکی، غفلت یا اختیارات سے تجاوز کی شکایت موصول ہو تو اس پر فوری نوٹس لیا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ محکمے کے اندر احتساب کا عمل متحرک نظر آ رہا ہے اور اہلکاروں کو عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے فرائض انجام دینے کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔
حال ہی میں ایک شہری کی جانب سے ٹریفک اہلکار کے نامناسب رویے کی شکایت سامنے آئی، جس پر ڈی ایس پی ٹریفک محمد ساجد نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے فوری نوٹس لیا اور بروقت کارروائی کی۔ اس اقدام پر متعلقہ شہری نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا یقین ہوا کہ ٹریفک پولیس میں بیٹھے افسران واقعی عوامی مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
ڈی ایس پی ٹریفک محمد ساجد کی فیلڈ میں موجودگی، نگرانی اور بروقت فیصلوں کے باعث شہریوں میں تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسے ذمہ دار اور باخبر افسر کی موجودگی سے یہ امید پیدا ہوتی ہے کہ ٹریفک نظام میں موجود خامیاں بتدریج ختم ہوں گی اور شہر میں محفوظ، مہذب اور منظم ٹریفک کلچر فروغ پائے گا۔
شہریوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو إن شاءاللّٰه آنے والے وقت میں رحیم یار خان کا ٹریفک نظام ایک مثالی نظام کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گا، جہاں قانون کی عملداری کے ساتھ عوام کو مکمل احترام اور تحفظ حاصل ہو گا۔













