اسلام آباد (ٹی این ایس) آئی جی کی زیرِ صدارت اجلاس میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، اے آئی جی اسپیشل برانچ محمد سرفراز ورک ، اے آئی جی آپریشنز/اسٹیبلشمنٹ شعیب مسعود،اے آئی جی انوسٹی گیشن اینڈ ڈیولپمنٹ سید عنایت علی شاہ، ایس ایس پی سی ٹی ڈی ارسلان شاہ زیب سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں جرائم کے موثر تدارک، منشیات فروش گروہوں کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کارروائی، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، مطلوب و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین باہمی رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔آئی جی اسلام آباد نے سینئر پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشیات ایک سنگین ناسور ہے جس کے مکمل خاتمے کے لیے بلا تعطل اور مو¿ثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں میں مزید تیزی اور شفافیت لائی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔مزید برآں اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے جاری ترقیاتی منصوبوں، پولیس افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود اور مجموعی انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ معیار اور طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں، فلاحی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے اور انتظامی امور میں بہتری لا کر پولیس کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر کیا جائے۔
















