چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن انٹرنیشنل کے اعلیٰ سطحی وفد کی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ملاقات

 
0
307

لاہور، ستمبر 27 (ٹی این ایس):  چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن انٹرنیشنل کے اعلیٰ سطح کے وفد نے  بدھ کووزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے   ملاقات کی اور پنجاب میں انفراسٹرکچر سیکٹر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہارکیا۔ چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن انٹرنیشنل کے چیئرمین و صدر زو لی (Mr. Zhuo Lei) نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی غیرمعمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کو معاشی تعاون میں بدلنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور وزیراعلیٰ شہبازشریف اپنی محنت اور صلاحیتوں کی بنا پر چین میں بھی بہت مقبول ہیں۔ چینی عوام شہبازشریف کے کام کی بہت قدر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کی تیز رفتار اور شفافیت سے تکمیل کیلئے شہبازشریف نے دن رات کام کیا ہے۔ پاکستان اور چین کے عوام کی دوستی بے مثال ہے اورہم وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کے ساتھ انفراسٹرکچرز اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کے تحت منصوبوں پر عملدرآمد کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اقوام عالم کیلئے مثال بن چکی ہے اوردونوں ممالک میں مضبوط معاشی تعاون موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکے باعث ناصرف پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھورہے ہیں بلکہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھلے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی حکومت کا پاکستان کے عوام کیلئے ایسا انمول تحفہ ہے جس نے پاک چین دوستی کو مضبوط سے مضبوط تر بنایا ہے ۔ پاکستانی عوا م چین کے اس بے مثال معاشی تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر غیرمعمولی رفتار سے کام کیا گیا ہے اورتوانائی کے کئی منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 1320 میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ نے تیزرفتاری سے تکمیل کا عالمی ریکارڈ توڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت چین کی اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے باعث معیشت مستحکم ہوئی ہے۔معاشی و تجارتی سرگرمیاں بڑھنے سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار فضا موجود ہے۔ چینی کمپنی کو پنجاب میں خوش آمدید کہتے ہیں۔چینی کمپنی پنجاب میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کرے اسے ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ چینی وفد کی قیادت چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن انٹرنیشنل کے چیئرمین و صدر زو لی (Mr. Zhuo Lei) کر رہے تھے۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری ہاؤسنگ، مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔