پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سنگاپور سمٹ میں امریکی و جنوبی کوریا کے صدور کی ہونے والی ملاقات کو خوش آئند قراردے دیا

 
0
347

لاہور جون 12(ٹی این ایس)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے سنگاپور سمٹ میں امریکی و جنوبی کوریا کے صدور کی ہونے والی ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سنگاپور سمٹ پاکستان اور انڈیا کو تعلقات پر پڑی سرد مہر ختم کرنے کے لئے بہترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ کورین ممالک کے درمیان جنگ کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان حالات کشیدہ رہے ہیں۔اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکیاں بھی دیتے رہے ہیں،ایسے موقع پر یہ ملاقات خوش آئند ہے۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا بھی ان دونوں ممالک کی مثال کو سامنے رکھتے ہوئے کشمیر جیسے سنگین مسئلے کو حل کر کے علاقائی امن کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے میں موجود تنازعات خصوصا افغانستان میں امن قائم کرنے کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے،اس ضمن میں کوریا امن مذاکرات ایک بہترین مثال ہے جہاں جنگ جیسی سنگین صورتحال کو امن مذاکرات سے حل کر لیا گیا۔پاکستان و انڈیا کو بھی چاہئے کشمیر کے معاملے میں بات چیت کو شروع کیا جائے اور کشمیر میں ہونے والے مظام کے خلاف بھی عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے عید الفطر کے موقع پر افغان طالبان و افغان حکومت کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کی بحالی کے لیے یہ مثبت قدم ہے،صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہماری حکومت نے افغانستان میں امن قائم کرنے کے لئے مثالی اقدامات کئے ہیں،جولائی 2015مری کے مقام پر ہونے والی افغان حکومت اور افغان طالبان کی ملاقات اسکی بہترین مثال ہے۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ 25جولائی کو مسلم لیگ ن انتخابات جیت کر افغانستان میں امن کے لئے اقدامات جاری رکھیں گے کیونکہ پاکستان میں امن اور سلامتی کا دارومدار افغانستان میں امن و امان کے ساتھ منسلک ہے.۔