مشال خان قتل کیس کی سنٹرل جیل میں سماعت، مردان یونیورسٹی اور پولیس کے چھ گواہوں کے بیانات ریکارڈ

 
0
406

ہری پورستمبر 28 (ٹی این ایس) مشال خان قتل کیس کی سنٹرل جیل ہری پور میں سماعت کے دوران مردان یونیورسٹی اور پولیس کے مزید چھ گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے گئے، مقدمہ کی سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔ مردان یونیورسٹی میں قتل ہونے والے طالب علم مشال خان کے مقدمہ کی سماعت دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے کیمپ کورٹ نے سنٹرل جیل ہری پور میں کی، سماعت اے ٹی سی کے جج فضل سبحان کر رہے تھے، محکمہ پولیس اور مردان یونیورسٹی کے چھ گواہوں نے بیاناٹ ریکارڈ کروائے جن میں پی اے ٹو رجسٹرار مردان یونیورسٹی رحمن شاہ شامل ہیں جن میں سی سی ٹی وی فوٹیج یو ایس پی کے ذریعہ پولیس کے حوالہ کی، اسی طرح احسان اے ایس آئی جس کی موجودگی میں سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس افسران کے حوالہ کی گئی، یونیورسٹی ملازم اشفاق جس نے ملازمین اور گواہوں کی تصدیق کی جبکہ یاسین ہاسٹل وارڈن جس نے ہاسٹل کا ریکارڈ پیش کیا اور عبدالله کلرک جس نے طالب علموں کی ویری فیکیشن کی اور اعجاز اے ایس پی جس نے زخمی عبدالله کا نقشہ ضرر تیار کیا، شامل ہیں جس کے بعد عدالت نے مقدمہ کی سماعت چار اکتوبر تک ملتوی کر دی۔32 ملزمان کی جانب سے دائر درخواست ضمانتوں پر محفوظ فیصلہ نہ سنایا جا سکا۔ اس موقع پر اسٹیٹ کی جانب سے پراسیکیویشن افسران اور ملزمان کی جانب سے وکلاء کی کثیر تعداد موجود تھی۔