پاک سعودی فوجی مشقوں ” اسح1″ کا آغاز

 
0
752

ریاض اکتوبر 3(ٹی این ایس) سعودی عرب کے شمال مغربی علاقے میں پاک سعودی فوجی مشق ” اسح1″ کا آغاز ہو گیا ،مشق میں سعودی شاہی بری افواج اور پاکستانی فوج شریک ہیں۔مملکت کے شمال مغربی علاقے میں آپریشنز ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل یوسف خیر اللہ الشہرانی نے واضح کیا کہ ” اسح 1″ مشق کا مقصد عسکری تجربے اور لڑائی کی مہارت کے تبادلے کے علاوہ یونٹوں کی ہمہ وقت تیاری کی سطح کو بلند کرنا ہے۔بعد ازاں مشق میں پاکستانی فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد عارف نے اپنے خطاب میں سعودی عرب میں ہونے والی اس مشق میں پاکستانی فوج کی موجودگی پر مسرت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کی افواج کی مملکت سعودی عرب اور اس کی افواج کے ساتھ طویل تاریخ ہے جو اخوت اور دو طرفہ اعتماد پر مبنی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اسح 1 فوجی مشق کا مقصد لڑائی کے دوران جدت طرازی کے حامل آلات کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت حاصل کرنا ہے اور پاکستانی فوج اس نوعیت کے خطرات پر قابو پانے میں مہارت رکھتی ہے۔اس موقع پر مملکت کے شمال مغربی علاقے کے کمانڈر نے بھی اپنے خطاب میں پاکستانی فوج کے تجربے کو سراہتے ہوئے بتایا کہ اس مشق کے دوران عسکری تجربے اور مہارت سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔