عمران خان کی میجر طاہر صادق کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی باضابطہ دعوت

 
0
2061

اٹک اکتوبر 3(ٹی این ایس) : سابق ضلع ناظم اٹک میجر(ر) طاہر صادق اور چیئرپرسن ڈسٹرکٹ کونسل اٹک ایمان طاہر کی چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان سے بنی گالا میں اہم ملاقات ، عمران خان نے میجر(ر) طاہر صادق کو پاکستان تحریکِ انصاف میں باقاعدہ شمولیت کی دعوت دے دی، عمران خان نے 5نومبر کو اٹک جلسہ کی حامی بھی بھر لی ، میجر گروپ صرف اپنی پاور شو کرکے تحریک انصاف میں ضم ہو جائے گا، عمران خان نے پنجاب میں اہم و مثبت کردار کیلئے میجر(ر) طاہر صادق سے کئی امیدیں باندھ لیں،

تفصیلات کے مطابق سابق ضلع ناظم اٹک میجر(ر) طاہر صادق اور چیئر پرسن ضلع کونسل اٹک محترمہ ایمان طاہر نے بنی گالہ میں چیئرپین پی ٹی آئی عمران خان سے اہم ملاقات کی ، اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ میجر (ر) طاہر صادق کی تحریک انصاف میں شمولیت سے پنجاب کی سیاست پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے خصوصاً ضلع اٹک کا سیاسی منظرنامہ مکمل طور پر تبدیل ہو جائے گا جبکہ عام انتخابات میں ضلع کی تمام قومی و صوبائی نشستوں سے کلین سویپ کی راہ بھی ہموار ہو جائیگی،عمران خان کا کہنا تھا کہ ضلع اٹک کی سیاست میں طاہر صادق خاندان کی عوامی مقبولیت و حمایت کی وجہ سے اہم ترین سیاسی گھرانہ تصور کیا جاتا ہے۔

تحریکِ انصاف میجر(ر) طاہر صادق کے بے باک و مدبرانہ طرزِ سیاست سے بھرپور فائدہ اُٹھائے گی اور آنے والے وقت میں میجر(ر)طاہرصادق پی ٹی آئی کا اہم ترین اثاثہ ثابت ہونگے، عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میجر(ر) طاہر صادق قومی اسمبلی کی ایک سے زائد نشست پر انتخاب لڑیں گے جسکا باقاعدہ اعلان بعد میں کیا جائے گا، ذرائع نے چھچھ نیوز نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو معروف صحافی نثار علی خان کو بتایا کہ ملاقات میں میجر(ر) طاہر صادق نے تحریکِ انصاف میں شمولیت کا عندیہ دیا ہے اور عمران خان کو اٹک کے شمولیتی جلسہ میں شرکت کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔